شارجہ ۔کرک اگین رپورٹ۔ شارجہ کے میدان پر کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں افغانستان نے زمبابوے کو 7 وکٹوں سے ہرا کر 3 میچوں کی سیریز اپنے نام کر لی اور افغانستان کو کلین سویپ کر دیا۔ اس میچ کے آغاز سے لے کر اختتام تک افغانستان کا پلڑا بھاری رہا اور افغان ٹیم نے مہمان ٹیم کا مکمل کلین سویپ کر کے سیریز 3-0 سے جیت لی۔
آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں زمبابوے کو بیٹنگ کی دعوت ملی۔جو ان کے لیے انتہائی بھیانک ثابت ہوئی۔ افغان باؤلرز کی نپی تلی باؤلنگ کے سامنے زمبابوے کی پوری ٹیم 14.3 اوورز میں محض 79 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ زمبابوے کے کپتان سکندر رضا صرف 2 رنز بنا سکے جبکہ ریان برل 30 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔افغانستان کے نوجوان اسپنر نور احمد نے تباہ کن سپیل پھینکتے ہوئے 3.5 اوورز میں صرف 13 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
80 رنز کا آسان ہدف افغانستان نے صرف 8.1 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 81 رنز بنا کر حاصل کر لیا۔میچ کی خاص بات یہ رہی کہ دونوں ٹیموں کا مجموعی اسکور ملا کر بھی صرف 160 رنز بنا، جو کہ ان دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی تاریخ کا سب سے کم ترین مجموعی اسکور ہے۔
اگر دونوں ٹیموں کے باہمی ریکارڈ پر نظر ڈالی جائے تو اب تک دونوں کے درمیان مجموعی طور پر 24 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے جا چکے ہیں، جن میں سے افغانستان نے 22 میچوں میں کامیابی حاصل کر کے واضح برتری قائم کر رکھی ہے جبکہ زمبابوے صرف 2 میچز ہی جیت سکا ہے۔یہ زمبابوے کے خلاف تین یا اس سے زیادہ میچز کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں افغانستان کی چوتھی کلین سویپ فتح ہے۔ اس سے قبل دو میچوں کی سیریز میں بھی افغان ٹیم ناقابلِ شکست رہی ہے۔
