لندن۔کرک اگین رپورٹ ۔برطانیہ کے بادشاہ چارلس سے پاکستان کرکٹ ٹیم کی ملاقات: سفارتی کامیابی یا بحران چھپانے کی کوشش۔
تازہ ترین کرکٹ نیوز یہ ہے کہ نازک ترین کرکٹ بحران کے دوران پاکستان ٹیم کی برطانوی بادشاہ چارلس سے ملاقات۔ ایک اہم جائزہ۔برطانوی دورے پر موجود پاکستان کرکٹ ٹیم نے حال ہی میں برطانیہ کے بادشاہ چارلس سے ایک پروقار انداز میں ملاقات کی ہے۔ پہلے سے طے شدہ اس دورے کے دوران ہونے والی اس ملاقات کی قیادت پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کی۔ اس موقع پر برطانوی بادشاہ نے محسن نقوی سے ہاتھ ملایا اور ان سے کافی دیر گفتگو کی، جبکہ اسٹار بلے باز بابر اعظم اور دیگر کھلاڑیوں و کوچز سے بھی فرداً فرداً ہلکی پھلکی بات چیت ہوئی۔
بعد میں ترجمانوں کی طرف سے بتایا گیا کہ ملاقات میں محسن نقوی کی خطے میں امن اور پاکستان میں امن و امان کی کوششوں کا تذکرہ ہوا اور اس کی تعریف کی گئی۔ تاہم، یہ علم نہیں ہو سکا کہ بادشاہ چارلس نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی حالیہ کارکردگی پر کوئی بات کی یا پی سی بی چیئرمین کے انتظامی امور پر کوئی تبصرہ کیا۔
یہ شاہی ملاقات ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پاکستانی کرکٹ شدید ترین اندرونی بحران اور زلزلے کی زد میں ہے۔ انگلینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں میں شکست کے بعد بورڈ نے ٹیم میں ایک بڑا ‘آپریشن کلین اپ’ شروع کر رکھا ہے، جس کے تحت دو کوچز کو برطرف کر دیا گیا ہے اور سات کھلاڑیوں کو پہلی ہی پرواز سے واپس بھیج دیا گیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا اور اخبارات میں اس وقت پاکستان کرکٹ کو ایک تماشے کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔ یہاں تک لکھا جا چکا ہے کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پاکستان کی ٹیم بھلے ہی آخری نمبر پر ہو، لیکن اس کا کرکٹ بورڈ غیر متوقع فیصلوں کی سرکس میں سب سے آگے ہے۔ اس تمام تر افراتفری کے باوجود اس ہائی پروفائل ملاقات کا ہونا ایک عجیب منظر پیش کرتا ہے۔ اب اس صورتحال کا پاکستان کی کرکٹ اور خطے پر کیا اثر مرتب ہوگا، یہ تو آنے والا وقت ہی بتائے گا۔
