بنگلور 19 اکتوبر، 2023:ءپی سی بی میڈیا ریلیز
آسٹریلیا میچ سے قبل پاکستان کے ہیڈ کوچ کا بائولنگ کے حوالے سے بڑا اعتراف
پاکستان کرکٹ ٹیم آئی سی سی مینز ورلڈ کپ2023 میں اپنا چوتھا میچ جمعہ کے روز آسٹریلیا کے خلاف بنگلور کے چناسوامی اسٹیڈیم میں کھیلے گی ۔
یہ اس گراؤنڈ میں اس ورلڈ کپ کا پہلا میچ ہوگا، دو بڑی ٹیموں کے درمیان اس مقابلے میں اسٹینڈز میں موجود اور دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کو سنسنی خیز کھیل دیکھنے کو ملے گا۔
بابراعظم کی قیادت میں پاکستان کرکٹ ٹیم کا اس ورلڈ کپ میں یہ چوتھا میچ ہے۔ اس نے حیدرآباد میں ہالینڈ اور سری لنکا کو شکست دی تھی جبکہ احمد آباد میں اسے انڈیا کے خلاف شکست ہوئی تھی۔
پاکستان ٹیم دس ٹیموں کے پوائنٹس ٹیبل پر اسوقت چوتھے نمبر پر ہے۔
بنگلور میں آنے کے بعد ٹیم نے پچھلے دو دنوں کے دوران فلڈ لائٹس میں سخت پریکٹس کی ہے تاکہ کنڈیشنز سے خود کو ہم آہنگ کرسکے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن پی سی بی ڈیجیٹل سے بات کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ چناسوامی اسٹیڈیم چھوٹا گراؤنڈ ہے اور باؤنڈریز چھوٹی ہیں جبکہ کنڈیشنز کھیل کے لیے بہت اچھی ہیں۔ہم نے اپنا ہوم ورک کیا ہے ۔
تریسٹھ، چونسٹھ میٹرز کی باؤنڈری کی وجہ سے یہ گراؤنڈ ہائی اسکورنگ رہا ہے جس پر بیٹرز نے ہمیشہ انجوائے کیا ہے لیکن بولرز کے لیے چیلنج ہوگا اور میرے خیال میں غلطی کی گنجائش بہت کم ہوگی۔
گرانٹ بریڈ برن کہتے ہیں کہ چونکہ ہمارا بولنگ اٹیک اسوقت اتنا ایکیوریٹ نہیں رہا ہے جیسا کہ کچھ وقت پہلے تک تھا لہذا ہمیں بہت ڈسپلن کے ساتھ بولنگ کرنی پڑے گی۔آسٹریلیا میچ سے قبل پاکستان کے ہیڈ کوچ کا بائولنگ کے حوالے سے بڑا اعتراف ہے۔کمزوری ہے۔
بریڈبرن کہتے ہیں کہ اگرچہ بھارت کے خلاف نتیجہ ہمارے حق میں نہیں تھا تاہم ہمیں اس میچ سے کچھ اہم باتیں سیکھنے کو ملیں جو اس ٹورنامنٹ میں ہمیں کام آئیں گی۔ یہ سیکھنے کا اچھا موقع تھا کہ جب آپ بہت بڑے پرجوش کراؤڈ کے سامنے کھیلتے ہیں ۔ یہ عام سی بات نہیں ہوتی کہ آپ ایسے کراؤڈ کے سامنے کھیلتے ہیں جو مکمل طور پر آپ کی حریف ٹیم کو سپورٹ کرتا ہو ۔
گرانٹ بریڈ برن کہتے ہیں کہ اس میچ سے پہلے کھلاڑیوں اور کوچز کے درمیان اچھی گفتگو رہی ہے اور پچھلے میچ کے تجربات اور اس میچ کے حوالے سے ایک دوسرے کے خیالات سننے کا موقع ملا ہے، خاص کر چناسوامی اسٹیڈیم کے بارے میں مفید باتیں رہی ہیں خاص کر بولنگ اور ریورس سوئنگ کے بارے میں۔
اس ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کا آغاز خاصا مایوس کن رہا ہے اور اسے انڈیا اور جنوبی افریقہ کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے جس کے بعد اس نے سری لنکا کو پانچ وکٹوں سے شکست دی۔
ورلڈ کپ کے مقابلوں میں آسٹریلیا نے پاکستان کو دس میں سے چھ میچوں میں شکست دی ہے تاہم آخری بار جب یہ دونوں ٹیمیں آئی سی سی ورلڈ کپ سپر لیگ سیریز میں مدمقابل ہوئی تھیں تو پاکستان نے آسٹریلیا کو دو ایک سے شکست دی تھی۔
بریڈبرن کہتے ہیں کہ ہم چاہتے ہیں کہ اس ورلڈ کپ میں تیسرا میچ جیت کر تین ایک کے ساتھ چنئی جائیں جہاں ہمیں افغانستان اور جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلنا ہے۔
اس ٹورنامنٹ میں دس بیسٹ ٹیمیں موجود ہیں اور جیسا کہ ہم نے پچھلے ہفتے دیکھا ہے کہ کوئی بھی کسی کو ہراسکتا ہے۔ہمیں آسٹریلیا کے اسٹائل اور طاقت کا اندازہ ہے اور ہم جانتے ہیں کہ ہم کہاں انہیں ایکسپلائٹ کرسکتے ہیں۔
بریڈبرن کا کہنا ہے کہ اب تک ہم تینوں شعبوں میں صحیح معنوں میں پرفارمنس نہیں دے سکے ہیں لیکن ہمیں پتہ ہے کہ جب ہم یہ کریں گے تو اور بہتر ہو گا۔