کراچی۔کرک اگین رپورٹ۔خواتین ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ کی تیز ترین ففٹی کا ریکارڈ پاکستان کے پاس آگیا،زمبابوے کو کلین سوئپ۔کرکٹ بریکنگ نیوز ہے کہ پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثناء نے ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں تیز ترین ففٹی کا نیا ریکارڈ قائم کردیا جو عالمی نوعیت کا ہے۔ اس کے ساتھ ہی 133 رنزکی جیت کے ساتھ 3 میچز کی سیریز میں وائٹ واش بھی کیا ہے۔
کراچی میں کھیلے گئے تیسرے ٹی 20 میں زمبابوے کے خلاف صرف 15 گیندوں پر خواتین کے ٹی 20 میں تیز ترین نصف سنچری کا ریکارڈ توڑ دیا۔ ثنا سے قبل تین کھلاڑیوں سوفی ڈیوائن، فوبی لیچفیلڈ اور ریچا گھوش کا ریکارڈ تھا جو انہوں نے 18 گیندوں پر اپنی نصف سنچریاں اسکور کرکے بنایا تھا۔
ثنا نے آخری اوور کی دوسری گیند پر اپنی تاریخی نصف سنچری مکمل کی اور صرف 19 گیندوں پر 62 رنز بنا کر ناقابل شکست رہیں۔ ثنا نے 10 چوکے اور دو چھکے لگائے جبین 32 گیندوں پر 50 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہیں۔ پاکستان نے 4 وکٹوں پر 223 رنز بنائے، جو اس فارمیٹ میں ان کا دوسرا سب سے بڑا مجموعہ ہے، سیریز کے ابتدائی میچ میں 237 رنز بنائے تھے۔
جواب میں زمبابوے ویمنز ٹیم 17.1 اوورز میں 90 رنزپر آئوٹ ہوگئی اور 133 رنزکی بڑی شکست کا سامنا کیا۔پاکستان نے 3 میچزکی سیریز میں 0-3 سے کلین سوئپ کردیا۔
