نشین۔کرک اگین رپورٹ ۔
ایشین گیمز کرکٹ فائنل: عقل کل مائیک ہیسن کا مشورہ یا تباہی کا نسخہ۔ بھارت کا پاکستان کو پہاڑ جیسا ہدف، اخری اوورز میں لنکا ڈھیہ گئی۔کرکٹ بریکنگ نیوز ہے یہ
ایشین گیمز مینز کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل کے بڑے معرکے میں بھارت نے روایتی حریف پاکستان کے خلاف 211 رنز کا امبار کھڑا کر کے سونے کا تمغہ جیتنے کے لیے پوزیشن مضبوط کر لی ہے۔ جاپان کے شہر نشین میں کھیلے جا رہے اس ہائی وولٹیج فائنل میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پاکستانی باؤلرز پر شروع سے ہی لاٹھی چارج شروع کر دیا۔ لیکن میچ کا اصل ڈراما اننگز کے آخری لمحات میں دیکھنے کو ملا، جب کرکٹ فینز کو ہمارے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کی ’عقلِ کل‘ کا ایک انوکھا نمونہ دیکھنے کو ملا۔
واقعہ کچھ یوں ہے کہ جب اننگز کے آخری اوورز میں پاکستانی باؤلرز کی پٹائی ہو رہی تھی، تو پویلین میں بیٹھے ہمارے ’بڑے عقل مند‘ ہیڈ کوچ مائیک ہیسن سے رہا نہ گیا۔ وہ ہانپتے کانپتے، بھاگتے ہوئے پویلین سے میدان کی طرف آئے اور باؤنڈری لائن کے پاس کھڑے ہو کر پاکستانی کپتان صاحبزادہ فرحان کو کچھ ’خفیہ جادوئی ہدایات‘ جاری کیں۔ پھر کیا تھا؟ عقلِ کل کا یہ مشورہ ایسا الٹا پڑا کہ جیسے ان کی پوری عقل گراؤنڈ میں ہی دھنس گئی ہو۔
اس مشورے کے فوراً بعد بھارتی بلے بازوں نے باؤلرز کو مزید آڑے ہاتھوں لیا اور پہلے سے بھی زیادہ بے رحمی سے چھکوں کی برسات کر دی، جس نے مائیک ہیسن کی حکمتِ عملی کا پول کھول کر رکھ دیا۔
اگر میچ کی مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو بھارتی اوپنر ویبھو سوریا ونشی نے آتے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور صرف 5 گیندوں پر 15 رنز کی باری کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ ان کے فوراً بعد سنجو سیمسن بھی سستے میں محض 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ لیکن دوسرے اینڈ پر موجود ابھیشیک شرما نے پاکستانی باؤلنگ لائن کو تہس نہس کر دیا۔ انہوں نے صرف 28 گیندوں پر 61 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیل کر بھارت کا اسکور صرف نویں اوور میں ہی 100 تک پہنچا دیا۔
یہاں سے پاکستانی گیند بازوں نے شاندار واپسی کی اور 10ویں سے لے کر 17ویں اوور تک بھارتی بلے بازوں کو بالکل باندھے رکھا، جہاں کپتان شریس آئیر 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ لیکن آخری تین اوورز میں ایشان کشن (20 رنز)، تلک ورما (22 گیندوں پر 51 رنز) اور شیووم دوبے (15 گیندوں پر 27 رنز) نے پاکستانی باؤلنگ کے پرخچے اڑا دیے۔ بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز کا مشکل ترین ٹوٹل بورڈ پر سجا دیا۔
پاکستان کی جانب سے احمد دانیال نے 43 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ عرفات منہاس سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 25 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ڈیبیو کرنے والے سعد مسعود نے 3 اوورز میں 23 رنز دیے لیکن کوئی وکٹ نہ لے سکے۔ اسپنر ابرار احمد نے اپنے 4 اوورز کے کوٹے میں 29 رنز دے کر ایک وکٹ لی، جبکہ سفیان مقیم 3 اوورز میں 33 رنز لٹانے کے بعد خالی ہاتھ رہے۔ اب پاکستان کو طلائی تمغہ جیتنے کے لیے اس پہاڑ جیسے ہدف کو عبور کرنا ہوگا، جو اس پچ پر کسی بڑے امتحان سے کم نہیں ہے۔
