| | |

پاکستان شاہینز کو آسٹریلیا میں جاتے ہی شکست

 

 

 

ڈارون ( آسٹریلیا ) 30 جولائی، 2023،پی سی بی میڈیا ریلیز

Courtesy by NT Cricket

پاکستان شاہینز کو آسٹریلیا میں جاتے ہی شکست

پاکستان شاہینز کو ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں این ٹی اسٹرائیک کے خلاف 59 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔اس میچ کی خاص بات جیک ووڈ کی آل راؤنڈ پرفارمنس تھی جنہوں نے 24 رنز بنانے کے علاوہ چار وکٹیں بھی حاصل کیں۔

ڈارون کے گارڈنز اوول میں کھیلے گئے اس میچ میں این ٹی اسٹرائیک نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنائے۔

جواب میں پاکستان شاہینز 18اعشاریہ 4 اوورز میں 126 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔این ٹی اسٹرائیک کی اننگز کی خاص بات پرم اوپل اور جوش کان کی عمدہ بیٹنگ تھی۔پرم اوپل نے صرف 28 گیندوں پر59 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ ان کی اننگز میں چھ چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔

جوش کان نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 31گیندوں پر 47 رنز اسکور کیے جس میں چار چھکے اور دو چوکے شامل تھے۔جیسن سانگھا نے 26 اور جیک ووڈ نے24 رنز اسکور کیے۔پاکستان شاہینز کی طرف سے عرفات منہاس اور عالیان محمود نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان شاہینز کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور پہلے اوور کی پہلی دو گیندوں پر ہی باسط علی اور شاویز عرفان آؤٹ ہوگئے۔صفر پر دو وکٹیں گرجانے کے بعد شامل حسین اور کپتان روحیل نذیر اسکور کو 49 تک لے گئے اس موقع پر شامل حسین دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 26 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔کپتان روحیل نذیر دو چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 41 رنز اسکور بناکر آؤٹ ہوئے تو پاکستان شاہینز کا اسکور پانچ وکٹوں پر 91 رنز تھا۔وقفے وقفے سے گرنے والی وکٹوں کی وجہ سے پاکستان شاہینز کسی بھی موقع پر مضبوط پوزیشن میں نہ آسکی۔

پاکستان شاہینز اپنا دوسرا میچ پیر کے روز اے سی ٹی کامیٹس کے خلاف کھیلے گی۔

مختصر اسکور

این ٹی اسٹرائیک ۔185 رنز5 کھلاڑی آؤٹ ( 20 اوورز ) ۔پرم اوپل 59 ناٹ آؤٹ ۔ جوش کان 47۔ عرفات منہاس 20/2 وکٹ ۔ عالیان محمود 42/ 2وکٹ۔

پاکستان شاہینز 126 رنز ( 18 اعشاریہ 4 اوورز ) ۔روحیل نذیر41 ۔ ٹام مینزیز 24 / 4وکٹ۔ جیک ووڈ 28 /4 وکٹ۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *