لاہور۔کرک اگین رپورٹ۔پاکستان نے آسٹریلیا کیخلاف مسلسل تیسری ون ڈے سیریز جیت لی،بابر اعظم کی ٹیسٹ بیٹنگ۔کرکٹ بریکنگ نیوز ہے کہ ایک روزہ باہمی ون ڈے سیریز ہسٹری میں پاکستان پہلی بار آسٹریلیا کے خلاف مسلسل تیسری سیریز جیتنے میں کامیاب۔اس سے قبل گرین کیپس کبھی بھی آسٹریلیا کے خلاف مسلسل 3 سیریز نہیں جیتے تھے۔2022 میں پاکستان،2024 میں آسٹریلیا میں جیت کے بعد اب پاکستان نے ہوم میدانوں میں ایک بار پھر سیریز جیت لی ہے۔ویسے اوور آل دونوں ممالک کی 14 ویں ون ڈے سیریز تھی۔پاکستان نے چھٹی جیتی ہے۔آسٹریلیا 8 سیریز کے جیت کے ساتھ آگے ہے۔
قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے تسیرے اور فیصلہ کن ون ڈے میچ میں پاکستان نے کینگروز کو 4 وکٹوں کی شکست دے دی۔مہمان ٹیم نے رواں سیریز کا پہلا ٹاس آخری میچ میں جیتا اور وہی فیصلہ کیا جو شاہین آفریدی ٹاس جیت کر کررہے تھے۔پہلے بیٹنگ کا فیصلہ مہمان ٹیم کیلئے سود مند نہ رہا۔پوری ٹیم 42 اوورز میں 157 رنزبناکر آئوٹ ہوگئی۔ایک موقع پر 98 رنز تک 2 ہی آئوٹ تھے اور 22 اوورز کا کھیل ہوا تھا لیکن اس کے بعد اگلے 20 اوورز میں 8 وکٹیں سکور میں صرف 59 رنزکا اضافہ کرسکیں۔کپتان جوش انگلس 65 رنز کی اننگ کھیل کر نمایاں تھے لیکن ان کے بعد ایلکس کیری اور مارنس لبوشین کے 19،19 رنز دوسرا بڑا انفرادی سکور تھا۔میتھیو شارٹ صفر پر گئے تھے۔کیمرون گرین 7 اور میتھیو رنشا4 کرسکے۔آخر میں ایڈم زمپا نے 10 کئے۔فاصل رنز 13 تھے۔
پاکستان کی جانب سے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے 30 رنز کے عوض 3 وکٹیں لیں۔حارث رئوف نے ایلکس کیری کی اہم وکٹ جس کے بعد آسٹریلیا کی لائن لگی،لی۔ابرار احمد نے10 اوورز میں 19 رنز دیئے اور 2 وکٹیں لیں۔شاداب خان آج کچھ چمکے اور 9 اوورز میں 28 رنز دے کر 2 وکٹیں لیں۔عرفات مہناس نے 6 اوورز میں 27 رنز دیئے اور کوئی وکٹ نہ لے سکے۔
جواب میں پاکستان نے 27 رنز کا آغاز لیا۔یہاں صاحب زادہ فرحان 6 کرکے گئے۔41 کے سکور پر معاذ صداقت 27 کرکے پویلین لوٹے۔بابر اعظم نے ٹیسٹ اننگ کھیلی لیکن ان کے ساتھ غازی غوری 60 کے مجموعہ پر8 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔آسٹریلیا کو چوتھی کامیابی 93 پر ملی جب سلمان علی آغا15 رنزبناکر باہر ہوئے۔پاکستان نے 100 رنز 27 ویں اوور میں مکمل کئے۔112 کے سکور پر آسٹریلیا نے میچ میں واپسی کرلی،جب اوپر تلے سیٹ بیٹرز بابر اعظم اور عرفات مہناس کو پویلین چلتا کیا۔بابر اعظم 84 بالز پر 40 کرکے میتھیو کھن مین کے ہاتھوں بولڈ ہوئے۔انہوں نے صرف 3 چوکے لگائے جب کہ عرفات مہناس 9 رنزبناکر رنشا کی بال پر گرین کو کیچ دے گئے۔پاکستان 112 پر 6 آئوٹ تھا جب کہ آسٹریلیا کی چھٹی وکٹ 126 پر گری تھی۔شاداب خان سے اب امیدیں باقی تھیں۔شاداب اور عبد الصمد نے سکور آہستہ آہستہ بڑھایا۔
پاکستان نے ہدف 41.5 اوورز میں 6 وکٹوں پر مکمل کرکے میچ 4 وکٹوں اور سیریز 1-2 سے اپنے نام کی۔سیریز کا پہلا میچ پاکستان اور دوسرا آسٹریلیا نے جیتا تھا۔شاداب خان 29 رنز اور عبد الصمد نے 18 رنز بنائے۔آسٹریلیا کی جانب سے میتھیو کھن مین نے 38 رنز دے کر 3 وکٹیں لیں۔
