سڈنی / پرتھ۔کرک اگین رپورٹ۔عالمی کرکٹ کے ایوانوں سے سامنے آنے والی کرکٹ بریکنگ نیوز کے مطابق آسٹریلوی کرکٹ اس وقت تاریخ کے بدترین اندرونی بحران اور ایک باقاعدہ جنگ کی لپیٹ میں آ چکی ہے۔ئ سال قبل کیپ ٹاؤن میں ہونے والے بدنامِ زمانہ سینڈ پیپر گیٹ بال ٹیمپرنگ اسکینڈل کی چنگاری اب ایک ایسے شعلے میں بدل چکی ہے جس نے ایک ہی نسل کے کھلاڑیوں کو آمنے سامنے لا کھڑا کیا ہے۔
آسٹریلوی ٹیسٹ کپتان پیٹ کمنز جمعہ کی صبح سڈنی میں کرکٹ نیو ساؤتھ ویلز کے ہیڈ کوارٹر میں اس امید کے ساتھ میڈیا کے سامنے آئے تھے کہ وہ عثمان خواجہ اور ڈیوڈ وارنر کے ساتھ بڑھتے ہوئے اس تنازع کو ہمیشہ کے لیے ختم کر دیں گے۔ کمنز پہلے سے ٹائپ شدہ تحریری نوٹس لے کر آئے تھے اور 69 منٹ طویل اس غیر معمولی پریس کانفرنس میں انہوں نے عثمان خواجہ کے الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے بال ٹیمپرنگ کے کسی بھی پیشگی علم سے صاف انکار کیا۔ آسٹریلوی کرکٹ کو بچانے کے لیے کی جانے والی کمنز کی یہ طویل پریس کانفرنس مکمل طور پر بے اثر ثابت ہوئی۔ اس نے معاملہ سلجھانے کے بجائے جلتی پر تیل کا کام کیا اور آسٹریلوی کرکٹ کو مزید تباہی اور تقسیم کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے۔
کرکٹ کی تازہ ترین خبریں بتاتی ہیں کہ پیٹ کمنز کی پریس کانفرنس کے محض چند گھنٹے بعد ہی سابق اوپنر ڈیوڈ وارنر نے پرتھ میں آسٹریلیا اور انگلینڈ کے میچ سے قبل کایو اسپورٹس پینل پر بیٹھ کر کمنز کے بیانات کی دھجیاں اڑا دیں۔ ایڈم گلکرسٹ، مارک وا اور مائیکل وان کی موجودگی میں وارنر نے کمنز پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے عثمان خواجہ کو تنہا چھوڑ کر بس کے نیچے پھینک دیا ہے، اور واضح اعلان کیا کہ وہ اس معاملے پر ہرگز آگے بڑھنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔
ڈیوڈ وارنر کا کہنا تھا کہ 2018 میں مجھے، اسٹیو اسمتھ اور کیمرون بینکرافٹ کو عمر قید جیسی سزا دی گئی اور ہم آج بھی روزانہ باہر نکل کر لوگوں کی گالیاں اور تنقید برداشت کرتے ہیں۔ انہوں نے جذباتی انداز میں کہا کہ اس اسکینڈل کی وجہ سے میں نے اور میری اہلیہ نے بہت بڑی قیمت چکائی اور اسی ذہنی دباؤ کے دوران ہمارا ایک بچہ ضائع (اسقاطِ حمل) ہوا، اس لیے جب تک پورا سچ سامنے نہیں آتا، مجھے سب سے زیادہ تکلیف ہوتی رہے گی۔
وارنر نے عثمان خواجہ کی کتاب میں لگائے گئے ان الزامات کی بھرپور حمایت کی کہ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں کو بھی گیند سے چھیڑ چھاڑ کا علم تھا اور نیو لینڈز ٹیسٹ سے قبل دوسرے ٹیسٹ میں بھی سینڈ پیپر استعمال ہوا تھا۔ وارنر نے شکوہ کیا کہ گزشتہ 8 سالوں میں ڈریسنگ روم میں موجود ان تین کھلاڑیوں کے علاوہ کسی نے ہم سے اس بارے میں بات تک نہیں کی، حالانکہ میں پیٹ کمنز کے ساتھ گولف بھی کھیلتا رہا ہوں اور ورلڈ کپ بھی کھیلے ہیں، لیکن انہوں نے کبھی اس موضوع پر سوال نہیں پوچھا۔
وارنر نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ وہ کمنز کے موقف سے متفق نہیں ہیں اور جب تک حقیقت تسلیم نہیں آتی، وہ خاموش نہیں بیٹھیں گے۔
دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے تحقیقات دوبارہ کھولنے سے انکار کے بعد اب مصالحت کے تمام راستے بند نظر آ رہے ہیں، جبکہ ڈیوڈ وارنر نے بھی اپنے ازالے کے لیے مہم جاری رکھنے اور جلد اپنی کتاب شائع کرنے کا عندیہ دے دیا ہے، جس سے واضح ہے کہ سینڈ پیپر اسکینڈل کا یہ طوفان آسٹریلوی کرکٹ کا پیچھا نہیں چھوڑے گا۔
