لاہور،کرک اگین رپورٹ
لاہور پر نحوست کے سائے گہرے،قلندرز بھی اسی چکر میں آگئے۔ملتان سلطانز کے ہاتھوں بد سے بد ترین شکست۔پی ایس ایل 8 پلے آف میں قلندرز اس سیریز کی لائن میں کم تر اسکور پر ڈھیر ہوگئے۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پاکستان سپرلیگ 2023 کے پہلے کوالیفائر میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 84 رنز سے روند کر مسلسل تیسری بار فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔اس طرح سلطانز نے فائنل کی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی ہے۔
ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی۔وکٹ قدرے مشکل تھی ،اس کے باوجود اوپنرز نے 53 رنزکا اسٹینڈ دیا۔عثمان خان پہلے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 29 رنزبناکر حارث رئوف کے ہاتھوں بولڈ ہوگئے۔ریلی روسو 13 محمد رضوان33 رنزہی بٹور سکے۔کیرون پولارڈ نے عقل مندی سے34 بالز پر 57 کی اننگ کھیلی۔6 چھکے شامل تھے۔ٹم ڈیوڈ 22 پر ناقابل شکست رہے۔سلطانز نے 5 وکٹ پر 160 رنزبنائے۔حارث رئوف نے 34 رنز دے کر 3 وکٹیں لیں۔شاہین کو 4 اوورز میں 47 رنزکی مار پڑی۔
ٹھکائی پر شاہین پولارڈ سے لڑپڑے،ویزا ڈیوڈ کے سامنے،حارث کا انتقام
جواب میں لاہور قلندرز کا آغاز تباہ کن تھا۔49 رنز تک 7 اور50 پر 8 کھلاڑی آئوٹ ہوگئے۔ شیلڈن کارٹل نے 3 وکٹیں لے کر گھمادیا،فخرزمان 6 اور مرزا 8 کرسکے توعبد اللہ شفیق اور شاہین آفریدی صفر پر گئے۔ڈیوڈ ویزا نے 12 رنزکے ساتھ مزاحمت کی اور حارث رئوف نے بھی کچھ جان ڈالی لیکن 79 پر 9 ویں وکٹ گرگئی تھی۔14 اوورز 3 بالز پر لاہور قلندرز 76 پر ڈھیر ہوگئے۔سلطانز نے 84 رنز سے میدان مارا۔اسامہ میر نے بھی 2 وکٹیں لیں۔