لاہور ۔کرک اگین رپورٹ۔
کرکٹ بریکنگ نیوز۔قذافی اسٹیڈیم میں ہنگامہ اور ڈراما، شاداب خان کا بیٹ پھینکنا اور حارث رؤف کا انگلش فیلڈر سے جھگڑا،ان پر بیٹ اٹھانا۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان اور انگلینڈ کے سنسنی خیز مقابلے کے دوران نہ صرف کرکٹ کا رنگ جما، بلکہ میدان میں ایسے ڈرامائی اور ناقابل یقین واقعات بھی پیش آئے جو عام طور پر میچز میں دیکھنے کو نہیں ملتے۔ کرکٹ کی تازہ ترین خبر کے مطابق، میچ کے آخری لمحات میں جہاں ڈی آر ایس کے ایک فیصلے نے سب کو حیران کیا، وہی کھلاڑیوں کے درمیان شدید تلخی بھی دیکھنے میں آئی۔
میچ ختم ہونے کے بعد دوبارہ شروع ہوا ۔ڈی آر ایس کا بڑا ڈراما
میچ کا سب سے بڑا موڑ اس وقت آیا جب پاکستان جیت سے صرف 21 رنز دور تھا اور امپائر نے شاداب خان کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ قرار دے دیا۔ شاداب خان اس فیصلے پر اتنے مایوس ہوئے کہ انہوں نے غصے میں اپنا بیٹ پچ پر دے مارا۔ وہ انتہائی اداسی کے عالم میں میدان سے باہر جانے لگے اور راستے میں انگلینڈ کے کھلاڑیوں نے ان کے پاس آ کر انہیں تسلی دی اور حوصلہ بڑھایا۔
میچ تقریباً ختم ہو چکا تھا اور انگلش کھلاڑی فتح کا جشن مناتے ہوئے آپس میں گلے مل رہے تھے کہ اسی دوران دوسرے اینڈ پر موجود حارث رؤف نے پاکستان کا آخری بچا ہوا ریویو لینے کا فیصلہ کیا۔ جب تھرڈ امپائر نے ری پلے دیکھا تو سب دنگ رہ گئے، کیونکہ گیند پہلے شاداب خان کے بلے سے ٹکرائی تھی اور بعد میں پیڈ پر لگی تھی۔ شاداب خان کو ناٹ آؤٹ قرار دے کر واپس بلایا گیا، جس پر شاداب اور حارث رؤف خوشی سے جھوم اٹھے جبکہ انگلینڈ کے کھلاڑی مایوسی کے عالم میں واپس اپنی فیلڈنگ پوزیشنز پر چلے گئے۔
وائڈ بال پر تنازع اور حارث رؤف کا غصہ
ڈراما یہیں ختم نہیں ہوا، اگلا ہنگامہ ایک وائڈ بال پر ہوا۔ امپائر نے ایک گیند کو وائڈ قرار نہیں دیا جس پر شاداب خان نے امپائر سے سوال کیا۔ اسی دوران مڈ وکٹ پوزیشن پر کھڑے انگلش فیلڈر ول جیکس نے کوئی جملہ کس دیا، جس پر حارث رؤف شدید غصے میں آ گئے۔ انہوں نے غصے میں ول جیکس کی طرف بیٹ اٹھا کر انہیں چپ رہنے کا اشارہ کیا۔
میدان میں ماحول اس حد تک گرم ہو گیا کہ امپائر کو بیچ بچاؤ کرانا پڑا۔ انگلینڈ کے تجربہ کار کھلاڑی جو روٹ بھی حارث رؤف کو سمجھانے کے لیے آئے، لیکن حارث کا غصہ کم ہونے کا نام نہیں لے رہا تھا۔ اس نازک موقع پر شاداب خان نے سمجھداری دکھائی، وہ بالکل خاموش رہے اور کسی بحث کا حصہ نہیں بنے۔
میچ کے بعد بھی تلخی برقرار، حارث رؤف پر جرمانے کا خطرہ
یہ تلخی میچ ختم ہونے کے بعد بھی ختم نہ ہو سکی۔ میچ جیتنے کے بعد بھی حارث رؤف انگلش کھلاڑیوں کے ساتھ غصے میں بات کرتے ہوئے دیکھے گئے۔ ذرائع کے مطابق فیلڈر نے مبینہ طور پر کوئی ایسا جملہ یا گالی استعمال کی تھی جو انگلش کلچر میں عام بات سمجھی جاتی ہے، لیکن حارث رؤف اسے دل پر لے گئے اور دونوں ٹیموں کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہوا۔ امپائر کو ایک بار پھر مداخلت کر کے معاملہ ٹھنڈا کرنا پڑا۔
ہاری ہوئی بازی جیت لی،شاداب اور حارث رؤف کا ریکارڈ،انگلینڈ کو شکست
میدان میں ول جیکس کی طرف غصے میں بیٹ اٹھانا حارث رؤف کے لیے نئی مشکل کھڑی کر سکتا ہے۔ آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر حارث رؤف کو میچ فیس کا جرمانہ یا باقاعدہ سرزنش (انتباہ) کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
