ہوبارٹ،کرک اگین
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ 2022 کے ایک ہنگامہ خیز دن کے بعد دوسرا ہنگامہ خیز دن آنے کو ہے۔جمعہ کو ایک بار پھر بڑوں اور بچوں کی جنگ ہوگی لیکن یقینی طورپر نہایت دلچسپ ہوگی۔
جمعرات کو گروپ اے کی مہم ختم ہوئی۔اٹھان پکڑنے والی نمیبیا ٹیم عرب امارات سے ہارکر ایونٹ سے باہر ہوگئی۔ادھر آخری میچ سے قبل تیسرے نمبر پر موجود خوف کا شکار سری لنکن ٹیم ٹاپ ون ٹیم نیدرلینڈز کو شکست دے کر نہ صرف ٹاپ کرگئی بلکہ نمبر ون کے ساتھ سپر 12 میں داخل ہوگئی۔نیدرلینڈز صرف اس لئے پچ گئی کہ نمیبیا ٹیم حیران کن طورپرایسی ٹیم عرب امارات سے ہارگئی جو اس میچ سے قبل تک ناکام ہی تھی۔جیت کا مزا چکھ کر بھی یہ ٹیم نہ خود آگے جاسکی اورنہ نمیبیا کو آگے جانے دیا،گروپ اے کا یہ ہنگامہ خیز دن رہا اور اختتام ایسا ہوا کہ سری لنکا اور نیدرلینڈز نے آخرکار ٹکٹ کٹوالی۔
اب یہی مرحلہ گروپ بی کا ہے۔یہاں صورتحال گروپ اے سے زیادہ واضح لیکن سیدھی سادھی ہے۔یہاں کسی کو کسی کے نیٹ رن ریٹ سے خوف نہیں،یہاں کسی جیت سے دوسری کو فائدہ پہنچنے والا نہیں ہے جیسا کہ گروپ اے میں تھا،یہاں چاروں ٹیمیں امیدوار ہیں ۔یہاں 4 ہی ممالک ہیں،ایک ایک جیت کے ساتھ برابر ہیں۔ایک ایک جیت درکار ہے۔دراصل 2 میچز ہیں،فاتح ٹیموں کی ٹکٹ کٹ جائے گی،ناکام ٹیموں کو گھر جانا ہوگا۔
نیدرلینڈز صبح کو ہارکر شام کو ٹی20 ورلڈکپ سپر12میں داخل،نمیبیا کی لائن کٹ گئی
سب سے اچھی نیوز یہ ہے کہ ہوبارٹ میں جمعہ کاموسم بہتر رہے گا۔48 گھنٹےقبل تک بارش کی پیش گوئی تھی لیکن اب جمعہ کا موسم کلیئر ہوگیا ہے۔آج کا پہلا میچ آئرلینڈ اور ویسٹ انڈیز کا ہوگا۔اتفاق دیکھیں کہ ٹیبل پر نیٹ ریٹ کے حساب سے ویسٹ انڈیز ٹیم تیسرے اورآئرلینڈ چوتھے نمبر پر ہے۔ویسٹ انڈیز ٹیم سکاٹ لینڈ سے ہاری ہے لیکن اس نے زمبابوے کو ہرایا ہے،اس لئے ٹریک پرواپسی ہے۔اب آئرلینڈ کی ٹیم سے ٹکر ہے،جو جیتے گا ،وہ سپر 12 میں ہوگا۔ویسٹ انڈیز کا نیٹ رن ریٹ خاصا خراب ہے۔بڑے مارجن کی جیت ہی اسے نمبرون تک لے جائے گی۔
ٹاس ویسٹ انڈیز ٹیم جیت سکتی ہے،میچ بھی اس کا ہوسکتا ہے،آئرش ٹیم اچھا کرنٹ لگائے گی۔اپ سیٹ نتیجہ ویسٹ انڈیز کے لئے تحمل والا نہ ہوگا۔یہ میچ صبح 9 بجے شروع ہوگا۔
آج کا دوسرا میچ اس پہلے مرحلے کا آخری شو ہوگا جودوپہر ایک بجے شروع ہوگا۔یہ مقابلہ زمبابوے اور سکاٹ لینڈ کا ہوگا۔سکاٹ لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو ہرایا ہوا ہے۔زمبابوے نے آئرلینڈ کو شکست دی ہے۔یہ میچ بھی ڈو آر ڈائی کا ہے۔اس میچ کا ٹاس زمبابوے جیت سکتا ہے اور میچ بھی۔یہ بھی ممکن ہے کہ اس میچ سمیت پہلے میچ کے ٹاس کا نتیجہ الٹ ہو،لیکن میچ کے نتائج قریب یہی ہونگے۔میچ دوپہر ایک بجے شروع ہوگا۔
سوال یہ ہےکہ ویسٹ انڈیز اگرکولیفائی کرگیا تو کیا ہوگا،کون سا نمبر ہوگا۔کس گروپ میں جگہ ملے گی۔زمبابوے یا سکاٹ لینڈ کہاں ہوگا،کہیں ایسا تو نہیں ہوگا کہ گزشتہ سال کی طرح 2 کمزور ٹیمیں ایک سائیڈ پر چلی جائیں،مطلب ویسٹ انڈیز بھی سری لنکا کی طرح آسٹریلیا کے گروپ میں نہ پہنچ جائے۔اب ورلڈکپ سپر 12 میں گروپ 1 مں گروپ بی سے نمبر 2 ٹیم نے جانا ہے اور گروپ 2 میں نمبر ون ٹیم نے جانا ہے،اصولی طور پر یہاں ویسٹ انڈیز کو نمبر ون ہونا چاہئے اور وہ پاکستان کے گروپ میں جائے۔