جوہانسبرگ ۔کرک اگین رپورٹ ۔ ون ڈے کرکٹ کا مستقبل،برائن لارا نے ورلڈ کپ کو کیا قرار دیا۔
کرکٹ کے عظیم بلے باز برائن لارا نے ون ڈے کرکٹ کو ٹی ٹوئنٹی اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے درمیان سینڈوچ قرار دے دیا ہے۔کرکٹ کی تازہ ترین خبر یہ ہے کہ ان کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کی بڑھتی ہوئی مقبولیت نے ون ڈے کرکٹ کو شدید متاثر کیا ہے۔
برائن لارا نے اس صورتحال کا موازنہ گالف سے کرتے ہوئے کہا کہ ہر ٹیم گالف نہیں کھیلتی، لیکن دو سال بعد ہر کھلاڑی ‘رائڈر کپ’ میں حصہ لینے کی خواہش ضرور رکھتا ہے۔ ان کے خیال میں مستقبل میں دوطرفہ ون ڈے کرکٹ محدود ہو سکتی ہے، لیکن ہر چار سال بعد ورلڈ کپ کا انعقاد ناگزیر ہے۔
اس معاملے کا ایک رخ یہ ہے کہ آئی سی سی کے لیے ون ڈے ورلڈ کپ مالی آمدن کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق، 2019 کے ورلڈ کپ میں مجموعی لاگت سے چار گنا زیادہ جبکہ 2023 کے ورلڈ کپ میں لاگت سے پانچ گنا زیادہ کمائی ہوئی۔ اسی طرح آنے والے 2027 کے ون ڈے ورلڈ کپ میں بھی لاگت سے دگنا منافع متوقع ہے۔
تاہم، اس تصویر کا دوسرا رخ خاصا تشویشناک ہے، جہاں براڈکاسٹرز کو شدید مالی بحران کا سامنا ہے۔ براڈکاسٹرز کا دعویٰ ہے کہ 2024 سے 2027 کے سائیکل کے دوران انہیں بھاری خسارہ ہوا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آئی سی سی کے ساتھ براڈکاسٹنگ کے اگلے معاہدوں میں 30 سے 50 فیصد تک کمی کا واضح خطرہ موجود ہے۔ ان حالات سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ باہمی ون ڈے سیریز یا مجموعی طور پر ون ڈے کرکٹ کا مستقبل دھندلا ہے، البتہ ورلڈ کپ کی اپنی اہمیت اور سحر ہمیشہ برقرار رہے گا۔
