عمان کے شہر العمرات میں ہفتہ 14 نومبر صبح 10 بجے ہونے والے پاکستان اور بھارت کے درمیان انڈر 19 ایشیا کپ فائنل سے قبل میدان کے باہر گرما گرمی عروج پر پہنچ گئی ہے۔ کرکٹ بریکنگ نیوز ہے کہ پی سی بی چیئرمین اور ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی کی مسقط روانگی کی تیاریوں کے بعد اب ساری توجہ بھارتی کیمپ کے ردعمل اور اختتامی تقریب کے انتظامات پر مرکوز ہو گئی ہے۔
بھارتی کیمپ میں کھلبلی اور نیا امتحان
ذرائع کے مطابق محسن نقوی کی فائنل میں ممکنہ شرکت کی اطلاعات سامنے آنے کے بعد بھارتی ٹیم مینجمنٹ اور آفیشلز میں زبردست ہلچل پائی جاتی ہے۔ گزشتہ ٹورنامنٹس میں بھارتی ٹیموں نے محسن نقوی کے ہاتھوں سے ٹرافی لینے سے انکار کر کے تنازع کھڑا کیا تھا، جس کے باعث اب نوجوان بھارتی کھلاڑیوں پر بھی دباؤ بڑھ گیا ہے کہ کل فتح کی صورت میں ان کا رویہ کیا ہوگا۔
سٹیج پروٹوکول کے لیے نیا فارمولا طے
منتظمین اور اے سی سی حکام نے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ کل اسٹیج پر کسی قسم کی بدمزگی یا بدنظمی نہ ہو، اختتامی تقریب کے پروٹوکول کو حتمی شکل دے دی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس بار ٹرافی پریزنٹیشن کے لیے واضح طریقہ کار طے کیا گیا ہے تاکہ اگر کوئی ٹیم پروٹوکول کے مطابق اسٹیج پر آنے سے کتراتی ہے، تو تقریب کو فوری طور پر آگے بڑھایا جا سکے اور ٹرافی کو میدان میں لاوارث نہ چھوڑا جائے۔
میدان میں ٹائٹل کی فیصلہ کن جنگ
دوسری جانب پاکستانی انڈر 19 ٹیم گروپ مرحلے میں بھارت کو شکست دینے کے بعد بھرپور اعتماد کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ کل صبح 10 بجے شروع ہونے والا یہ بڑا فائنل نہ صرف ایشیا کے نئے چیمپئن کا فیصلہ کرے گا بلکہ میچ کے اختتام پر اسٹیج کے منظر پر بھی پوری کرکٹ دنیا کی نظریں جمی ہوں گی۔پاکستان اپنے اعزاز کا دفاع کر رہا ہے۔
