برمنگھم،کرک اگین رپورٹ
انگلینڈ نے بھارت کی ہوا نکال دی،پائوں سے زمین سرکادی،سرپر مصیبت ڈھادی ہے۔ایج باسٹن ٹیسٹ کے چوتھے روز جو کچھ ہوا،وہ بھارت کے لئے خواب سے کم نہیں۔انگلینڈ کے لئے گزشتہ چند ہفتوں سے جاری معمول سے زیادہ کچھ نہیں۔ڈرامہ بن گیا۔اب کل منگل کو اس کا کلائمکس ہوگا،جب انگلینڈ تاریخ کے سب سے بڑے ٹیسٹ ہدف کو کامیابی سے حاصل کرنے کی تاریخ رقم کرے گا۔اس سے قبل اس کا 2019 میں آسٹریلیا کے خلاف 362 رنزکا حاصل ہدف بڑا ریکارڈ ہے۔گزشتہ ماہ نیوزی لینڈ کو تینوں ٹیسٹ میچز میں اس نے چوتھی اننگ میں 300 کے قریب اسکور کرکے کیویز کو جکڑدیا تھا۔
بھارت 378 رنزکا ہدف سیٹ کرکےبھی غیر محفوظ ہوگیا۔انگلینڈ نے پیر کو چوتھے روز کے خاتمہ پر صرف 3 وکٹ کھوکر 259 اسکور بنالئے ہیں۔یوں وہ فتح سے صرف119 رنزکی دوری پر ہیں۔کل کا پورادن باقی ہے۔7 وکٹیں ہاتھوں میں ہیں۔سابق کپتان جوئے روٹ 76 اور جونی بیئرسٹو 72 رنزکے ساتھ چٹان بنے ہیں۔دونوں میں چوتھی وکٹ پر پورے 150 رنزکا اضافہ ہوگیا ہے۔شراکت جاری ہے۔اہم بات یہ بھی ہے کہ میزبان ٹیم نے یہ اسکور ساڑھے 4 سے زائد کی اوسط سے بنائے ہیں۔
بھارت ایک لمحہ کے لئے کھیل میں یوں پلٹا جب اس نے2 رنزکے اندر 3 وکٹیں اڑاکرسنسنی پھیلادی۔اوپنرز ایلکس لیز اور زک کرولی نے 107 رنزکی شاندار شراکت قائم کی تھی لیکن بھارتی کپتان جسپریت بمراہ نے جان ماری،انہوں نے پہلے 46 رنزبنانے والے زک کرولی کو کلین بولڈ کیا،اسی اسکور پر نئے بیٹر اولی پوپ کو صفر پر وکٹ کیپر رشی پانت کے ہاتھوں کیچ کروادیا،رہی سہی کسر دوسرے اوپنر ایلکس نے 2 رنزبعد 109 کے مجموعہ پر رن آئوٹ ہوکر پوری کردی،وہ 56 اسکور کرنے میں کامیاب ہوئے،انگلینڈ بڑے ہدف کے تعاقب میں پھسل چکی تھی۔یہاں سابق کپتان جوئے روٹ کا تجربہ کام آیا،جونی بیئرسٹو کی فارم نے کلاس دکھائی۔دونوں نے اس کے بعد33 اوورز کھیل ڈالے۔کوئی نقصان ہونے نہیں دیا۔
انگلینڈ 378 رنز کے تعاقب میں،بھارتی ٹیم پریشان
اس سے قبل بھارتی ٹیم دوسری اننگ میں 245 کے مجموعہ پر فارغ ہوگئی۔ چتشور پجارا 66 اور رشی پنت 57 رنزکے ساتھ نمایاں رہے۔بین سٹوکس 4 وکٹ کے ساتھ کامیاب بنےسٹورٹ براڈ اور میتھیو پوٹس نے 2،2 ٓآئوٹ کئے۔
بھارت نے پہلی اننگ میں 416 اور انگلینڈ نے 284 اسکور کئے تھے۔یوں بھارت کو 132 رنز کی سبقت حاصل ہوئی۔245 رنز جوڑ کر یہ 377 اسکور بنے،انگلینڈ کے لئے 378 رنزیوں بھی بڑا ہدف تھے کہ وہ اب تک 362 سے بڑا ٹیسٹ ہدف عبور کرہی نہیں سکا ہے،اس لئے بھارتی کیمپ مطمئن تھا۔اب حالات یہ ہیں کہ انگلینڈ جو 132 رنزکے خسارے میں تھا،اب فتح سے صرف 119 رنزکی دوری پر ہے۔
یہ گزشتہ سال کے 5 میچزکی سیریز کا آخری ٹیسٹ ہے جو بھارت کی ٹیم کووڈ کی وجہ سے نہیں کھیلی تھی،اب اس کی 1-2 کی حاصل کردہ برتری بھی دائو پر ہے۔انگلینڈ میچ جیت کر نہ صرف ٹیسٹ سیریز ڈرا کرسکتا ہے بلکہ بھارت کا انگلینڈ میں کبھی ایک سیریز میں 3 میچز جیتنے کا ریکارڈ بھی قائم ہونے سے روک سکتا ہے،ساتھ میں برمنگھم میں بھارت سے کبھی ٹیسٹ شکست نہ ہونے کا اعزاز بھی برقرار رکھ سکتا ہے۔اس کے ساتھ ہی اس فتح سے وہ ولڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان سمیت متعدد ممالک کو فائدہ دے سکتا ہے۔