شارجہ،کرک اگین رپورٹ
سال 2022 کا 9 واں ماہ شروع ہوگیا ہے۔پاکستان اس سال ایک بھی ٹی 20 میچ نہیں جیتا ہے۔کیا یہ بات تشوشناک نہیں ہوگی،اس لئے کہ اب ورلڈ ٹی 20 کا وقت ہوا چاہتا ہے۔صرف ایک ماہ اور کچھ ہی ایام باقی ہیں۔ایسے میں بڑا چیلنج سرپر ہے۔ایشیا کپ 2022 کے سلسلہ میں پاکستان اپنے گروپ کا دوسرا وآخری میچ آج 2 ستمبر بروز جمعہ کو کھیلا جارہا ہے۔یہ گروپ اے کا میچ ہوگا۔
مقابل ہانگ کانگ ہے،اس سے قومی ٹیم کبھی ٹی 20 انٹرنیشنل میچ نہیں کھیلی لیکن اس کے پاس بائولنگ اٹیک میں کچھ ایسی بیٹری موجود ہے،جس سے پاکستان کوخوف ہوسکتا ہے۔بھارت کےخلاف آیوش شکلا، احسان خان اور یاسم مرتضیٰ نے اپنے 12 مشترکہ اوورز میں صرف 82 رنز دیئے تھے۔یہ ایک خطرناک علامت ہے اورتیاری ہے۔
یہی وجہ ہے کہ سابق کپتان انضمام الحق نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان ٹیم کو چوکنا رہنا ہوگا۔چھوٹےمیچ،شارٹ بائونڈریز اور ڈو آرڈائی والا ٹاکرا بعض اوقات گلے کا ہاربن جاتا ہے۔
ایشیا کپ 2022،تھرڈامپائر کاسوموٹو ایکشن،نوبال نے میچ ختم کروادیا
ہانگ کانگ کی قیادت نزاکت خان کررہے ہیں،اہم بات یہ ہے کہ بابر اعظم کے مقابلہ میں بابر حیات بھی اچھے بیٹر ہیں۔بابرکا مقابلہ بابر سے ہوگا،دیکھیں کسے حیات ملتی ہے۔ساتھ میں نزاکت بھی آئے گی اور نزاکت خان اتفاق سے کپتان بھی ہیں۔دونوں ٹیمیں بھارت سے ہاری ہیں۔
شارجہ میں موسم گرم ہوگا۔ٹاس جیتنے والی ٹیم پہلے فیلڈنگ کو ترجیح دے گی۔پاکستان کی ٹیم میں نسیم شاہ کی جگہ محمد حسنین کھلائے جائیں گے۔باقی کوئی تبدیلی مشکل لگتی ہے۔پاکستان کو اگر پہلے بیٹنگ ملی تو اسے سنبھل کر ابتدائی 12 اوورز گزارنے ہونگے۔