ایمسٹلوین،کرک اگین رپورٹ
دورہ پاکستان کے آغاز سے چند گھنٹے قبل ویسٹ انڈیز بڑے جھٹکے سے بال بال بچ گئی ہے۔نیدر لینڈ نے سیریز کے تیسرے وآخری میچ میں جاندار مقابلہ کیا۔ایک موقع پر مہمان ٹیم پر شکست کے سائے گہرے ہورہے تھے۔ایک ہزیمت ناک شکست سر پر لٹک رہی تھی،ایسے میں اسے حاصل 2 قیمتی وکٹوں نے اس معمولی جیت کو ممکن بنادیا۔
پاک ویسٹ انڈیز سیریز،ٹکٹوں کے حوالہ سے کرک اگین خبر سچ،کمنٹیٹرز کااعلان
ہفتہ کو کھیلے میچ میں ویسٹ انڈیز نے5 وکٹ پر 308 اسکور بنائے۔شمرا بروکس نے 101 اور کیل میئرز نے 120 کی اننگز کے ساتھ سنچریز بنائیں۔دونوں نے دوسری وکٹ پر 184 رنزبٹورے۔
ویسٹ انڈیز کے نام اور اس کے بائولرز کو دیکھتے ہوئے نیدر لینڈ جیسی ٹیم کے لئے یہ ہدف نہایت مشکل تھا لیکن اس نے اس چیلنج کو قبول کیا۔اس کے اوپنرز17 اوورز میں 98 رنزکی شراکت قائم کی،یہی نہیں 37 اوورز میں اس کا اسکور 2 وکٹ پر 206 ہوگیا تھا۔قریب 78 بالز پر 103 اسکور کی ضرورت تھی،سیٹ بیٹرز اور پوری بیٹنگ لائن موجود تھی لیکن پھر وقفہ وقفہ سے گرنے والی وکٹوں نے اس کی پیش قدمی روک دی۔پھر بھی ٹیم 1 بال قبل 288 رنزبناکر آئوٹ ہوئی۔اس طرح 20 رنز کے معمولی مارجن سے اسے شکست ہوئی۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے شرمین لیوس نے 67 رنز دے کر 3 وکٹیں لیں۔
نیدر لینڈ میں کلین سوئپ کرنے والی ویسٹ انڈین ٹیم اب پاکستان کے لئے اڑان بھرنے والی ہے۔جہاں 8 جون سے ملتان میں 3 ایک روزہ میچز کھیلے جائیں گے۔مہمان ٹیم بلاشبہ بڑی ہزیمت سے بچی ہے۔