گال،کرک اگین رپورٹ
پاکستان کی آدھی سے زیادہ ٹیم گرائونڈ سے باہر،بابر اعظم بال بال بچے۔پاکستان کرکٹ ٹیم سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی دوسری صبح شدید مشکلات کا شکار ہوگئی ہے۔7 کھلاڑی 97 کے قلیل اسکور پر پویلین لوٹ چکے تھے،اس وقت تک بابر اعظم تن تنہا فائٹ کررہے تھے۔
کھیل کے آغاز میں بارش اور خراب موسم کی وجہ سے پچ پر کور تھے۔اس سے تھوڑی تاخیر ہوئی۔پاکستان نے گزشتہ روز کے 22 اسکور میں 2 کےا ضافہ پر تیسری وکٹ اظہر علی کی گنوادی۔وہ کل کے اپنے 3 اسکور میں اضافہ نہ کرسکے،البتہ 3 بالیں زیادہ کھیل کر 41 بالیں کھیل لیں۔محمد رضوان نے بابر اعظم کے ساتھ مل کر اسکور 64 کردیا۔دونوں میں چوتھی وکٹ پر 40 رنزکا اضافہ کیا۔یہاں محمد رضوان 35 بالز پر 19 رنزکرکے رمیش مینڈس کا شکار ہوئے۔ڈیبیو بیٹر آغا سلمان بھی نہ چل سکے اور 5 رنزبناکر جے سوریا کے ہاتھوں ایل بی ہوگئے۔یوں 73 کے قلیل اسکور پر پاکستان 5 وکٹیں کھوچکا تھا۔محمد نواز چھٹے نقصان کی صورت میں باہر گئے۔ وہ 18 بالز پر 5 رنزکرسکے۔اگلی ہی بال پر شاہین شاہ آفریدی نے جے سوریا کی بال پر ایل بی ہوگئے۔یوں وہ ہیٹ ٹرک چانس پر آگئے ،یاسر شاہ ان کی ہیٹ ٹرک مکمل کروانے میں رکاوٹ بنے۔پاکستان کی 7 ویں وکٹ 85 پر گری تھی۔
پاکستانی کپتان بابر اعظم مسلسل فائٹنگ پر تھے،اس دوران انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنے 10 ہزار رنز بھی مکمل کرلئے۔وہ بھی ففٹی سے کم کے سٹرائیک ریٹ پر کھیلتے رہے۔وہ تیز ترین 10 ہزار رنز مکمل کرنے والے پہلے ایشین کھلاڑی بنے ہیں،انہوں نے 228 اننگز میں کیا جب کہ ویرات کوہلی نے 232 اننگز میں کیا تھا۔
یہ بات سمجھنے کی ہے کہ اسپن اٹیک وکٹ پر گیندوں کا روکناعقل مندی نہیں ہے،جب ہر اوور اسپنر کی جانب سے ہو تو بالیں چھوڑنا،روکنا،بچنا،دفاعی انداز اختیار کرنا غلط حکمت علی ہوگا۔اظہر علی نے وکٹ پر 41 گیندیں،عبداللہ شفیق نے 47 بالیں کھیل کر کیا کارنامہ سر انجام دیا۔
پاکستان نے 7 وکٹ پر 104 رنزبنالئے تھے۔کھانے کا وقفہ تھا۔پاکستانی کپتان بابر اعظم 34 اوریاسر شاہ12 پر تھے،اپنے کیریئر کا دوسرا ٹیسٹ کھیلنے والے پربتھ جے سوریا 5 وکٹ لے چکے تھے۔سری لنکن ٹیم پہلی اننگ میں 222 رنزبناکر آئوٹ ہوئی تھی۔
کھانے کے وقفہ سے قبل بابر اعظم ایک ایل بی کی اپیل پر بال بال بچے،امپائر نے ناٹ آئوٹ قرار دیا،سری لنکن ٹیم نے ریویو لے لیا،بال بیلز کو اڑانے والی تھی لیکن وکٹوں کے مابین پچ نہ ہونے پر ریویو اپیل مسترد کردی گئی۔