کولمبو،لندن:کرک اگین رپورٹ
ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کی دن بدن بدلتی صورتحال میں نئی اپ ڈیٹ سامنے آئی ہیں۔ہفتہ 16 جولائی کی شب 11 بجے کے قریب یہ انکشاف ہوا ہے کہ اگلے ماہ ہونے والے ایونٹ کو سری لنکا سے باہر منتقل کئے جانے کی کوششیں تیز ہوگئی ہیں۔ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے متحدہ عرب امارات س رابطوں کا انکشاف ہوا ہے،اس میں پیش رفت بھی سامنے آئی ہے۔
کرک اگین تجزیہ کے مطابق سری لنکا کرکٹ بورڈ نے بھی ہتھیار ڈال دیئے ہیں۔اب پی سی بی کی حمایت بھی کام نہیں آنے والی،تیسرے ملک سے رابطہ ہوگیا ہے،رسمی اعلان باقی ہے۔
سری لنکا میں سیاسی روانی اور تازہ ترین پیش رفت جمود کی بجائے تبدیلی کا اشارہ دے رہی ہے۔مضبوط اشارے ملے ہیں کہ 6 ٹیموں کے براعظمی ٹورنامنٹ کو متحدہ عرب امارات لایا جاسکتا ہے۔ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے مختلف ممبر بورڈز سے حاصل کردہ معلومات کے مطابق 16 روزہ ایونٹ کو منتقل کرنے کی کوششیں شروع کر دی گئی ہیں۔ متحدہ عرب امارات میں اے سی سی اور امارات کرکٹ بورڈ کے درمیان بات چیت ہوئی ہے۔ توقع ہے کہ ایشین چیمپئن شپ 26 اگست سے 11 ستمبر تک ہوگی۔
حکومت کی تبدیلی سے موجودہ منظرنامہ یں تبدیلی ہوئی ہے۔اس سے پہلے سری لنکا بورڈ نے حکومت کے دباؤ میں آکر ایونٹ کی میزبانی پر رضامندی ظاہر کی تھی۔ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران حالات یکسر بدل چکے ہیں، ملک کے صدر بھاگ گئے اور نیا صدر منتخب کر دیا گیا۔اے سی سی کے ایک رکن نے کریک بز کو بتایا، ایسے حالات میں یہ محسوس کیا جا رہا ہے کہ چیمپئن شپ کی میزبانی مناسب نہیں ہے۔
ہفتہ کی صبح پاکستان کرکٹ بورڈ کا ایک بیان ایک مختلف منظر نامے کو پیش کررہا ہے۔ پی سی بی کے مطابق ہماری پہلی ترجیح سری لنکا کو سپورٹ کرنا اور وہاں ایشیا کپ کھیلنا ہے۔ اگر یہ ٹورنامنٹ سری لنکا میں نہیں ہوا تو یہ ان کے لیے بہت بڑا کرکٹ اور مالی نقصان ہوگا۔