لاہور،پی سی بی میڈیا ریلیز
کرک اگین کی 5 دن پرانی خبردرست،یاسر شاہ کی واپسی،ٹیم کا اعلان۔پاکستان کے چیف سلیکٹر محمد وسیم نے دورہ سری لنکا کے لیے 18 رکنی قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔ لیگ اسپنر یاسر شاہ کی قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔
دونوں ٹیموں کے مابین سری لنکا میں کھیلی گئی آخری ٹیسٹ سیریز میں یاسر شاہ نے24 وکٹیں حاصل کرکے پاکستان کو 1-2 سے فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیاتھا۔یاسر شاہ نے آخری مرتبہ اگست 2021 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف قومی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کی تھی۔
دورہ سری لنکا،قومی ٹیم کا انتخاب اور کیمپ،شیڈول
مکمل فٹنس حاصل کرنے والے یاسر شاہ کے علاوہ سلمان علی آغا کی بھی قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں واپسی ہوئی۔ انہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 4224 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ 88 وکٹیں بھی حاصل کررکھی ہیں۔
انجری کے باعث آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ اسکواڈ سے باہر ہونے والے محمد نواز کو دورہ سری لنکا کے لیے دوبارہ قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔
اٹھارہ رکنی قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں تین اوپنرز، چار مڈل آرڈر بیٹرز، تین آلراؤنڈرز، دو وکٹ کیپرز، دو اسپنرزاور چار فاسٹ باؤلرز شامل ہیں۔
اعلان کردہ قومی ٹیسٹ اسکواڈ
بابر اعظم (کپتان)، محمد رضوان (نائب کپتان، وکٹ کیپر)، عبداللہ شفیق، اظہر علی، فہیم اشرف، فواد عالم، حارث رؤف، حسن علی، امام الحق، محمد نواز، نسیم شاہ، نعمان علی، سلمان علی آغا، سرفراز احمد (وکٹ کیپر)، سعود شکیل، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود اور یاسر شاہ
پاکستان اور سری لنکا کے مابین آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل دو میچز گال اور کولمبو میں کھیلے جائیں گے۔ سیریز کا پہلا ٹیسٹ 16 سے 20 جولائی تک گال جبکہ دوسرا 24 سے 28 جولائی تک کولمبو میں کھیلا جائے گا۔ سیریز میں شامل واحد تین روزہ وارم اپ میچ 11 جولائی سے کولمبو میں شروع ہوگا۔
کرک اگین نے اپنی نیوز میں 17 جون کو یہ خبر بریک کی تھی کہ یاسر شاہ آرہے ہیں،اس وقت کہیں بھی ان کا ذکر نہیں تھا۔
سیریز کے لیے قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا تربیتی کیمپ 26 جون سے راولپنڈی میں شروع ہوگا۔ قومی اسکواڈ 6 جولائی کو سری لنکا کے لیے روانہ ہوگا۔