گالے،کرک اگین رپورٹ
کینگروز کو جکڑنے کا منصوبہ گلے پڑگیا،ایک سیشن میں 3 اننگز،سری لنکا ہارگیا۔کینگروز کو جکڑنے کا منصوبہ الٹا گلے پڑگیا۔سری لنکا گالے ٹیسٹ کی دوسری اننگ 23 اوورز مکمل بھی نہ کھیل سکا اور 113 رنزپر ڈھیر ہوکر اس نے اپنے ملک میں اپنی ہی تاریخ مسخ کرڈالی۔آسٹریلیا نے تیسرے روز کے پہلے ہی سیشن میں فتح نام کی۔دنیائے کرکٹ نے ایک سیشن کے کھیل میں 3 اننگز دیکھیں۔
جمعہ کو میچ کے تیسرے روز آسٹریلیا نے 313 رنز8 وکٹ سے اننگ شروع کی،اس کی ٹیم 8 رنزکے اضافہ کے بعد 321 اسکور بناکر پویلین لوٹی۔رمیش مینڈس کو 112 رنزکے عوض 4 وکٹیں ملیں۔اس طرح آسٹریلیا کو سری لنکا کی پہلی اننگ 212 رنزپر 109 اسکور کی اہم سبقت ملی۔
میزبان ٹیم نے دوسری اننگ شروع کی،یہ تیسری صبح کا منظر تھا،پچ اتنی بھی خراب نہیں تھی لیکن آسٹریلیا کے کپتان پیسر پیٹ کمنز نے شاید وکٹ پڑھ لی تھی،انہوں نے اپنا استعمال ہی نہ کیا۔سنگل بال تک نہ کی ۔اسپنرز کو آگے کیا اور تمام 10 وکٹیں وہ لے اڑے۔23 اوورز سے ایک گیند کم تک ہی ان اسپنرز کو تکلیف کرنی پڑی۔سری لنکا کی پوری ٹیم صرف 113 رنزبناکر ڈھیر ہوگئی۔اسپنرز نیتھن لائن نے 31 رنزدے کر 4،ٹریوس ہیڈ نے صرف 10 رنز دے کر 4 وکٹیں لیں۔مچل سویپسن نے34 رنزکے عوض 2 آئوٹ کئے۔سری لنکا کے 6 کھلاڑی ڈبل فیگر میں نہیں گئے۔کپتان ڈیموتھ کرونا رتنے 23 رنزکے ساتھ نمایاں رہے۔
میچ میں 121 رنز دے کر 9 وکٹ لینے والے نیتھن لائن کو یہ اعزاز بھی حاصل ہوگیا ہے کہ وہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں ٹاپ 10 وکٹ ٹیکر میں آگئے ہیں،ان کی وکٹوں کی تعداد 436 ہوگئی ہے۔
گالے ٹیسٹ کے پہلے روز 13 وکٹیں اڑگئیں،اسپنرزکاراج
آسٹریلیا نے مطلوبہ 5 رنزکا ہدف بناکسی نقصان کے پورا کر کے 2 میچزکی سیریز میں 0-1 کی برتری لے لی ہے۔ایشیا میں پاکستان میں سیریز جیتنے کے بعد اب س کی سری لنکا میںناکامی کے امکانات ختم ہوگئے ہیں۔آسٹریلیا کی پہلی اننگ میں اہم لمحات میں 77 رنزبنانے والے کیمرون گرین مین آف دی میچ قرار پائے۔
ادھر دن کے آغاز سے قبل سری لنکن کیمپ پر کووڈ کا بھی حملہ ہوا،جب ممتاز آل رائونڈر اینجلیو میتھیوز کا کووڈ ٹیسٹ مثبت آیا،وہ میچ سے باہر ہوئے،ان کی جگہ اوشاندا فرنینڈو کوکھلایا گیا۔