ملتان ۔کرک اگین رپورٹ
ملتان انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری چیمپئنز کپ کے افتتاحی میچ میں رات گئے اس وقت ایک غیر متوقع اور دلچسپ صورتحال کا شکار ہو گیا جب اچانک ایک فلڈ لائٹ ٹاور کی بتیاں مدہم پڑ گئیں۔ روشنی یکایک کم ہونے کے باعث امپائرز نے کھلاڑیوں کی حفاظت اور کھیل کے معیار کو مدنظر رکھتے ہوئے میچ عارضی طور پر روکنے کا فیصلہ کیا۔ اگرچہ اسٹیڈیم میں مکمل اندھیرا نہیں تھا اور متبادل روشنیاں آن تھیں، تاہم انٹرنیشنل لیول کے میچ کو جاری رکھنے کے لیے یہ روشنی ناکافی تھی، جس کی وجہ سے فیلڈ امپائرز نے دونوں ٹیموں کے کپتانوں کی مشاورت سے کھیل کو وہیں روک دیا۔
میچ روکے جانے تک پاکستان گرینز نے پاکستان وائٹس کے 276 رنز کے ہدف کا تعاقب پراعتماد انداز میں جاری رکھا ہوا تھا۔ فخر زمان کی شاندار سنچری کی بدولت ٹیم فتح کے انتہائی قریب پہنچ چکی تھی۔ 38 اوورز کے کھیل کے اختتام تک پاکستان گرینز نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 227 رنز بنا لیے تھے اور اسے میچ جیتنے کے لیے مزید 50 رنز درکار تھے۔ مڈل آرڈر بیٹرز کریز پر موجود ہیں اور اسٹیڈیم انتظامیہ کی جانب سے لائٹس کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔
