ہیڈنگلے۔لیڈز۔کرک اگین رپورٹ ۔ہیڈنگلے لیڈز،انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں نئے کپتان،پلیئنگ الیون اور بابر کا مستقبل۔کرکٹ بریکنگ نیوز ہے کہ
انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کو ایک بڑا اور غیر متوقع دھچکا لگا ہے، جہاں مایہ ناز بلے باز بابر اعظم کل سے شروع ہونے والے میچ سے باہر ہو گئے ہیں۔ تاہم، سب سے حیران کن فیصلہ کپتانی کے حوالے سے سامنے آیا ہے، جہاں بابر اعظم کی عدم موجودگی میں سلمان علی آغا کو پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کی کمان سونپ دی گئی ہے۔ یہ فیصلہ اس لیے بھی کرکٹ حلقوں کے لیے حیرت کا باعث بنا ہے کیونکہ سابق کپتان شان مسعود اسکواڈ میں موجود ہیں، لیکن انہیں قیادت دینے کے بجائے مینجمنٹ نے سلمان علی آغا پر بھروسہ کیا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد نے ہیڈنگلے میں پریس کانفرنس کے دوران اسٹار بلے باز بابر اعظم کی فٹنس کے حوالے سے انتہائی معنی خیز بات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی دوسرا ٹیسٹ میچ شروع ہونے میں سات سے آٹھ دن باقی ہیں، اس لیے وہ فی الحال ان کی دستیابی کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتے۔ ہیڈ کوچ کے اس بیان سے صاف اشارہ ملتا ہے کہ بابر اعظم صرف پہلے میچ سے ہی نہیں، بلکہ ایک سے زیادہ میچوں کے لیے ٹیم سے باہر ہو سکتے ہیں۔ پریس کانفرنس کی شروعات میں انہوں نے تصدیق کی کہ بابر اعظم کی غیر موجودگی میں سلمان علی آغا ٹیم کی کپتانی کریں گے۔سرفراز احمد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پوری ٹیم کو خود پر پورا یقین ہے کہ ہم یہاں انگلینڈ میں اچھا پرفارم کریں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حتمی الیون کا فیصلہ پچ اور موسم کی صورتحال (کنڈیشنز) کو دیکھنے کے بعد ہی کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام لڑکوں نے ٹریننگ سیشنز میں بہت زیادہ محنت کی ہے۔ اگرچہ پاکستان کی حالیہ کارکردگی پر کچھ تشویش ضرور ہے، لیکن ہمارا پورا فوکس کھیل پر ہے اور سب کھلاڑی اچھا کرنے کے لیے پرامید ہیں۔ہیڈ کوچ نے مڈل آرڈر پر بھروسہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مڈل آرڈر پچ پر بہترین پرفارمنس دے گا۔ انہوں نے مانا کہ بابر اعظم جیسے اہم کھلاڑی کے نہ ہونے سے بہرحال ٹیم پر فرق پڑتا ہے، لیکن محمد رضوان اور سلمان علی آغا ہمارے سینئر کھلاڑی ہیں جو اس چیلنج کو سنبھال رہے ہیں۔ ٹیم مینجمنٹ ایک بار پھر صورتحال کا جائزہ لے گی تاکہ گراؤنڈ میں بہترین کمبینیشن اتارا جا سکے۔
ہیڈنگلے لیڈز سے پاکستان ٹیسٹ الیون کی تازہ ترین کرکٹ اپ ڈیٹ
ہیڈنگلے کی تیز پچ کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان ٹیم مینجمنٹ چار فاسٹ بولرز کے ساتھ میدان میں اترنے کا مضبوط ارادہ رکھتی ہے، جس کے لیے خرم شہزاد لائن اپ کا حصہ بن چکے ہیں جبکہ اسپن باؤلنگ کی ذمہ داری صرف ایک اسپنر کے پاس ہوگی۔ بیٹنگ لائن اپ کی بات کریں تو الیون میں کچھ اہم تبدیلیاں سامنے آ رہی ہیں؛ بابر اعظم کی جگہ مڈل آرڈر میں شان مسعود لیں گے، جبکہ اوپننگ میں نوجوان اذان اویس کی جگہ سعود شکیل کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ بظاہر پہلے ٹیسٹ کے لیے پاکستان کی یہی حتمی ٹیم بنتی نظر آ رہی ہے۔
