انگلینڈ اور سری لنکا پاکستان میں،دو شہروں کا ہوم سیزن اور ناقص حکمتِ عملی۔کرکٹ کے تازہ ترین آرٹیکلز
حافظ محمد عمران عثمانی
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ہوم کرکٹ سیزن کے ایک بڑے حصے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت سری لنکا اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیمیں پاکستان کا دورہ کریں گی۔ اس سیزن میں ون ڈے کرکٹ بھی ہے، ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی ہے اور ٹیسٹ کرکٹ بھی، لیکن حیران کن طور پر میزبان وینیو صرف دو ہوں گے۔ آپ اندازہ کریں کہ درجن سے زائد بین الاقوامی میچوں کے لیے راولپنڈی اور قذافی اسٹیڈیم لاہور کا انتخاب کیا گیا ہے جبکہ کراچی اور ملتان کرکٹ سٹیڈیم جیسے بڑے اور فعال مراکز کو مکمل طور پر نظر انداز کر دیا گیا ہے، یہ نہایت حیران کن بات ہے۔ سری لنکن کرکٹ ٹیم نے پاکستان میں دو ٹیسٹ میچز اور تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے ہیں اور پھر پاکستان، سری لنکا اور انگلینڈ کے مابین تین ملکی کپ ون ڈے ٹورنامنٹ بھی کھیلنا ہے، لیکن اس تمام گہما گہمی کے لیے صرف قذافی اسٹیڈیم لاہور اور پنڈی کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی ہی میزبان ہوں گے۔اگر اس طویل اور اہم ہوم سیزن کے باقاعدہ شیڈول پر نظر ڈالی جائے تو یہ دورہ مجموعی طور پر 9 اکتوبر سے 21 نومبر تک جاری رہے گا۔ سری لنکن ٹیم کی پاکستان آمد 4 اکتوبر کو ہوگی، جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان ابتدائی مرحلے میں 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔ یہ تمام میچز بالترتیب 9، 11 اور 13 اکتوبر کو راولپنڈی میں منعقد ہوں گے۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے فوراً بعد انگلینڈ کی ٹیم بھی اس دورے کا حصہ بنے گی جہاں پاکستان، سری لنکا اور انگلینڈ کے مابین ایک تاریخی ون ڈے انٹرنیشنل ٹرائی سیریز (سہ فریقی ٹورنامنٹ) کھیلی جائے گی۔ یہ سہ فریقی ون ڈے سیریز 18 سے 31 اکتوبر تک راولپنڈی اور لاہور کے میدانوں میں شیڈول کی گئی ہے۔ اس ٹورنامنٹ کا آغاز 18 اکتوبر کو پنڈی میں پاکستان اور سری لنکا کے میچ سے ہوگا، جس کے بعد 20 اکتوبر کو پاکستان بمقابلہ انگلینڈ اور 22 اکتوبر کو سری لنکا بمقابلہ انگلینڈ کے میچز بھی پنڈی میں ہی کھیلے جائیں گے۔ اس کے بعد یہ میلہ لاہور منتقل ہوگا جہاں 25 اکتوبر کو پاکستان بمقابلہ انگلینڈ، 27 اکتوبر کو پاکستان بمقابلہ سری لنکا اور 29 اکتوبر کو سری لنکا بمقابلہ انگلینڈ مدمقابل ہوں گے، جبکہ اس ٹرائی سیریز کا فائنل ٹاکرا 31 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔سہ فریقی ون ڈے سیریز کے اختتام پر دورے کا دوسرا اور آخری مرحلہ شروع ہوگا جس میں سری لنکن ٹیم فارمیٹ تبدیل کر کے 4 سے 6 نومبر تک اسلام آباد میں ایک تین روزہ پریکٹس میچ کھیلے گی۔ اس وارم اپ میچ کے بعد پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 2 اہم ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز ہوگا، جو کہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 کا باقاعدہ حصہ ہوگی۔ سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 9 سے 13 نومبر تک راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جس کے بعد دونوں ٹیمیں ایک بار پھر لاہور منتقل ہو جائیں گی جہاں دورے کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 17 سے 21 نومبر تک قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا، جس کے ساتھ ہی اس طویل ہوم سیزن کا باقاعدہ اختتام ہو جائے گا۔
انتظامی اور صحافتی نقطہ نظر سے دیکھا جائے تو پی سی بی کی جانب سے ہوم سیزن کے اتنے بڑے اور تاریخی حصے کا اعلان جہاں شائقین کے لیے خوشی کا باعث ہے، وہاں اس نے بورڈ کی منصوبہ بندی پر کئی سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ کراچی کا نیشنل بینک اسٹیڈیم اور ملتان کا خوبصورت کرکٹ گراؤنڈ، جو ہمیشہ سے اپنے شاندار تماشائیوں اور بہترین پچز کی وجہ سے جانے جاتے ہیں، انہیں اس پورے شیڈول سے باہر رکھنا پی سی بی کی غیر متوازن سوچ کا عکاس ہے۔ ایک ہی گراؤنڈ پر مسلسل بیک ٹو بیک میچز کھلانے سے نہ صرف پچز کی کوالٹی بری طرح متاثر ہوگی اور وہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوں گی، بلکہ راولپنڈی اور لاہور کے شائقین کے لیے بھی اتنے طویل سیزن میں روز روز گراؤنڈ کا رخ کرنا اکتاہٹ کا سبب بن سکتا ہے۔ اگر پی سی بی ان میچز کو کراچی اور ملتان میں بھی تقسیم کرتا تو پورے ملک میں کرکٹ کا جشن منایا جاتا اور کھلاڑیوں کو بھی مختلف موسمی حالات اور پچز پر اپنی صلاحیتیں آزمانے کا موقع ملتا۔ کرکٹ بورڈ کو چاہیے کہ وہ ہوم سیزن کی پلاننگ کرتے وقت آسان اور محدود آپشنز ڈھونڈنے کے بجائے پورے پاکستان کو بین الاقوامی کرکٹ کا مرکز بنائے تاکہ کھیل کی جڑیں ہر شہر میں مضبوط رہیں۔
سیریز کا آفیشل شیڈول
چار اکتوبر: سری لنکا کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد
9 اکتوبر: پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل (پاکستان بمقابلہ سری لنکا) مقام: راولپنڈی
11 اکتوبر: دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل (پاکستان بمقابلہ سری لنکا) مقام: راولپنڈی
13 اکتوبر: تیسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل (پاکستان بمقابلہ سری لنکا) مقام: راولپنڈی
18 اکتوبر: پہلا ون ڈے ٹرائی سیریز (پاکستان بمقابلہ سری لنکا مقام: راولپنڈی
20 اکتوبر: دوسرا ون ڈے ٹرائی سیریز (پاکستان بمقابلہ انگلینڈ) مقام: راولپنڈی
22 اکتوبر: تیسرا ون ڈے ٹرائی سیریز (سری لنکا بمقابلہ انگلینڈ) مقام: راولپنڈی
25 اکتوبر: چوتھا ون ڈے ٹرائی سیریز (پاکستان بمقابلہ انگلینڈ) مقام: لاہور
27 اکتوبر: پانچواں ون ڈے ٹرائی سیریز (پاکستان بمقابلہ سری لنکا)مقام: لاہور
29 اکتوبر: چھٹا ون ڈے ٹرائی سیریز (سری لنکا بمقابلہ انگلینڈ) مقام: لاہور
31 اکتوبر: ون ڈے ٹرائی سیریز کا فائنل میچ مقام: قذافی اسٹیڈیم، لاہور
4 سے 6 نومبر: تین روزہ پریکٹس میچ (سری لنکا) مقام: اسلام آباد
9 سے 13 نومبر: پہلا ٹیسٹ میچ (آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ)مقام: راولپنڈی
17 سے 21 نومبر: دوسرا ٹیسٹ میچ (آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ) مقام: قذافی اسٹیڈیم، لاہور
