لندن۔کرک اگین رپورٹ جونیئر ٹیم کو بھی سینیئر والا مرض لاحق۔ انگلینڈ انڈر 19 نے پاکستان انڈر 19 کو 10 رنز سے ہرا دیا، ہر طرف ناکامیوں کا راج۔کرکٹ بریکنگ نیوز،لندن سے دبئی جائیں یا دبئی سے واپس انگلینڈ، ہر طرف پاکستان کرکٹ کی ناکامیوں کی خبریں ہیں۔ پاکستان وومنز ٹیم ہاری پاکستان مردوں کی طرح، اور اب انگلینڈ کی سرزمین پر پاکستان کی جونیئر یعنی انڈر 19 کرکٹ ٹیم بھی موجود ہے اور اسے ریڈ بال فارمیٹ کے چار روزہ میچ میں، جو کہ طویل فارمیٹ کا میچ ہوتا ہے، اس میں 10 رنز کی شکست ہو گئی ہے،گویا فتح نصیب میں ہی نہیں ہے۔پاکستان کی ٹیم کو انگلینڈ انڈر 19 ٹیم نے ہرا دیا ہے۔ جہاں انگلینڈ کی سینیئر ٹیم ہمارے سر پہ سوار ہے، وہاں جونیئر ٹیم نے بھی ہمیں شکستِ فاش دے دی ہے۔ مطلب ہمارا مستقبل بھی اب تاریک نظر آنے لگا ہے کیونکہ مستقبل نئے کھلاڑیوں سے جڑا ہوتا ہے۔ یہ سب پاکستان کرکٹ بورڈ کی موجودہ رجیم اور اس کی چھتری کے نیچے ہو رہا ہے، شاید ان کے نزدیک ٹھیک ہی ہو رہا ہو۔
درجِ ذیل اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ جونیئر ٹیم کو بھی بالکل وہی مرض لاحق ہے جو سینیئر ٹیم کو ہے۔ پاکستان کو اختتامی حالات میں جیت کے لیے محض 21 رنز چاہیے تھے اور چار وکٹیں ابھی ہاتھ میں پڑی تھیں، جبکہ دن کا 11 اوورز کا کھیل باقی تھا، لیکن آپ دیکھیں ہماری ٹیم صرف 11 رنز کے اندر چاروں وکٹیں گنوا بیٹھی اور 10 رنز سے ہار گئی۔ بالکل یہی کچھ ہماری سینیئر ٹیم بھی کرتی ہے۔ 262 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان انڈر 19 کی ٹیم 251 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ پاکستان کی طرف سے عبدالقادر نے 80 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور فرحان یوسف نے 47 رنز بنائے، لیکن وہ ٹیم کو پار نہ لگا سکے۔ اس سے قبل انگلینڈ انڈر 19 کی دوسری اننگز میں پاکستان کی طرف سے احمد حسین نے چار، محمد حذیفہ نے تین اور محمد صیام نے دو وکٹیں حاصل کی تھیں۔ اب اس چار روزہ میچ کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان چار ون ڈے میچوں کی سیریز 9 ستمبر سے شروع ہوگی۔
