نشین ۔جاپان۔کرک اگین رپورٹ ۔ ایشین گیمز مینز کرکٹ،پاکستان بنگلہ دیش کو ہرا کر فائنل میں پہنچ گیا، بھارت سے ٹاکرے کا امکان۔
ایشین گیمز 2026۔کرکٹ بریکنگ نیوز یہ ہے کہ بنگلہ دیش کو باآسانی شکست دے کر پاکستان مینز کرکٹ ٹیم فائنل میں پہنچ گئی، عبدالصمد اور حسن نواز کی جاندار بیٹنگ۔
پاکستان نے ایشین گیمز 2026 کے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 6 وکٹوں سے چیت کر کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ گرین شرٹس نے بنگال ٹائیگرز کا دیا گیا ہدف مقررہ اوورز ختم ہونے سے 9 گیندیں پہلے ہی حاصل کر لیا۔
عبدالصمد اور حسن نواز کی شاندار شراکت داری
ایک موقع پر گرین شرٹس کی اننگز لڑکھڑا گئی تھی اور صرف 53 رنز پر اس کے 4 اہم بیٹرز پویلین لوٹ چکے تھے، جس کے بعد ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ میچ پھنس جائے گا۔ اس مشکل گھڑی میں عبدالصمد اور حسن نواز نے کریز پر نظریں جمائیں اور بنگلہ دیشی بولرز کے خلاف 59 رنز کی ناقابلِ شکست اور میچ وننگ پارٹنرشپ قائم کی۔ عبدالصمد نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے محض 15 گیندوں پر 5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے قیمتی 30 رنز جوڑے۔ دوسرے اینڈ پر حسن نواز نے ان کا بھرپور ساتھ دیا اور 27 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، جس میں دو بلند و بالا چھکے اور دو چوکے شامل تھے۔
ٹاپ آرڈرز کی ناکامی
ان دونوں مڈل آرڈر بیٹرز سے قبل پاکستان کا ٹاپ آرڈر بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہا۔ صائم ایوب 21، عثمان خان 14 اور معاذ صداقت 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان صاحبزادہ فرحان صرف ایک رن بنا کر سستے میں وکٹ گوا بیٹھے۔ بنگلہ دیش کا کوئی بھی بولر پاکستانی مڈل آرڈر پر دباؤ برقرار نہ رکھ سکا ۔ایک موقع پر مستفیض الرحمن کے اوور میں 23 رنز پڑے ۔
اقومی ٹیم نے 112 رنز کا ہدف 9 گیندیں قبل ہی 11.3 اوورز میں 4 وکٹیں کھو کر حاصل کر لیا۔
بنگلہ دیشی اننگز کا احوال اور پاکستان کی بولنگ
اس سے قبل ٹاس ہارنے کے بعد بنگلہ دیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت ملی۔ میچ گراؤنڈ کی خرابی کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوا تھا جس کی بدولت اسے 13 اوورز تک محدود کیا گیا۔ بنگلہ دیشی ٹیم نے مقررہ 13 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 111 رنز بنائے۔ بولنگ کے دوران پاکستانی فیلڈرز اور بولرز کافی فیاض دکھائی دیے جنہوں نے 15 وائیڈ بالز سمیت مجموعی طور پر 19 رنز اضافی دیے۔ بنگلہ دیش کی طرف سے توحید 42 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ سیف حسن نے 19 رنز کی اننگز کھیلی۔ حیران کن طور پر ٹیم کا دوسرا بڑا اسکور پاکستان کی طرف سے دیے گئے وہ 19 ایکسٹرا رنز ہی تھے جو سیف حسن کے اسکور کے برابر بنے۔
فائنل میں روایتی حریف سے ٹکراؤ کا امکان
پہلا سیمی فائنل جیتنے کے بعد پاکستان نے فائنل میں اپنی جگہ پکی کر لی ہے جہاں سونے کے تمغے کے لیے اس کا مقابلہ بھارت یا سری لنکا میں سے کسی ایک ٹیم سے ہوگا۔ کھیلوں کے پنڈتوں کے مطابق فائنل میں پاک بھارت ٹکراؤ کا قوی امکان ہے کیونکہ اب سے کچھ دیر بعد بھارت اور سری لنکا کی ٹیمیں دوسرے سیمی فائنل میں آمنے سامنے ہوں گی۔
پاکستانی اننگ کے اختتامی حالات میں بھارتی ٹیم گراؤنڈ پہنچ چکی تھی اور انہوں نے پاکستان کی فتح کو براہ راست دیکھا۔ میچ کے اختتام پر پاکستان اور بنگلہ دیش کے کھلاڑی ایک دوسرے سے گلے ملے اور بھارت کو یہ بتایا کہ کھلاڑی ایسے ملتے ہیں۔
