ابوظہبی۔کرک اگین رپورٹ ۔ بریکنگ نیوز، رمیز راجہ ابوظہبی میں،بنگلہ دیش اور افغانستان ٹیسٹ میں ٹاس کروا دیا۔
متحدہ عرب امارات کے میدان سے ایک بڑی کرکٹ بریکنگ نیوز سامنے آئی ہے، جہاں پاکستان کے سابق کرکٹر اور کمنٹیٹر رمیز راجہ ایک بار پھر کرکٹ ایکشن میں دکھائی دیے ہیں۔ پاکستان کا ہوم سیزن تو 9 اکتوبر سے شروع ہو رہا ہے، مگر رمیز راجہ کے لیے ملکی کرکٹ کے دروازے بظاہر بند نظر آتے ہیں۔ تاہم، بین الاقوامی سطح پر ان کی مانگ برقرار ہے اور اب وہ ابوظہبی میں بنگلہ دیش اور افغانستان کے درمیان شروع ہونے والے واحد ٹیسٹ میچ میں بطور کمنٹیٹر اور پریزنٹر جلوہ گر ہوئے ہیں۔
رمیز راجہ نے میچ کے آغاز پر دونوں کپتانوں کی موجودگی میں ٹاس کی کارروائی سرانجام دی، جس کی لائیو اپڈیٹس کرکٹ کی تازہ ترین خبریں تلاش کرنے والے صارفین کے لیے توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔
ٹاس کے موقع پر رمیز راجہ نے دونوں ٹیموں کے کپتانوں کا تعارف کروایا اور دلچسپ انٹرویو بھی کیا۔ انہوں نے شائقین کو بتایا کہ افغان ٹیم کے کپتان پہلی بار کسی ٹیسٹ میچ میں اپنی ٹیم کی قیادت کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ ٹاس کی بات کی جائے تو بنگلہ دیشی کپتان نے سکہ جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ۔ بنگلہ دیشی کپتان کا کہنا تھا کہ ابوظہبی میں موسم کافی گرم ہے، اس لیے پچ کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے انہوں نے پہلے بیٹنگ کو ترجیح دی ہے۔ انہوں نے اپنی حکمتِ عملی واضح کرتے ہوئے بتایا کہ پلیئنگ الیون میں تین بہترین اسپنرز کو شامل کیا گیا ہے، جبکہ حریف افغان ٹیم کے پاس بھی معیاری اسپن بولنگ کا شعبہ موجود ہے، جس کے باعث میچ میں کانٹے دار مقابلے کی امید ہے۔
رمیز راجہ کا نیا ٹھکانہ، رضوان بند گلی میں سفر اور کپتان کی بے بسی: سنسنی خیز انکشافات
بین الاقوامی میچ میں رمیز راجہ کی اس اچانک اور فعال موجودگی نے جہاں پاکستانی کرکٹ فینز کو حیرت میں ڈالا، وہاں ان کے لیے یہ ایک خوشگوار سرپرائز بھی تھا۔ تاہم، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے موجودہ سیٹ اپ اور رمیز راجہ کے باہمی تعلقات کے حوالے سے اس پیشرفت نے کئی نئے سوالات کو جنم دے دیا ہے۔
شائقین سوشل میڈیا پر بحث کر رہے ہیں کہ ہوم سیزن کے آغاز کے باوجود ایک اتنے بڑے نام کا ملکی کرکٹ سے دور رہ کر غیر ملکی سیریز کا حصہ بننا بورڈ کے اندرونی معاملات کی کس سمت کی نشاندہی کرتا ہے۔ کیاب دیکھنا یہ ہے کہ اس واحد ٹیسٹ میچ کے پہلے دن اسپنرز کیا جادو جگاتے ہیں اور رمیز راجہ کے حوالے سے آنے والے دنوں میں کیا مزید تبدیلیاں دیکھنے کو ملتی ہیں۔
