لاہور۔ کرک اگین رپورٹ۔ سری لنکا کو آؤٹ کلاس کر کے پاکستان 18 سال بعد ٹرائی سیریز کا چیمپئن بن گیا۔
کرکٹ بریکنگ نیوز۔پاکستان نے 18 سالہ قحط ختم کر دیا، اعصاب شکن فائنل میں سری لنکا کو ہرا کر کر سہ ملکی ون ڈے ٹرافی اپنے نام کر لی۔
لاہور کے تاریخی قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے ایک انتہائی سنسنی خیز فائنل معرکے میں پاکستان نے سری لنکا کو 3 وکٹوں سے ہرا کر 18 سال بعد ٹرائی سیریز ون ڈے ٹرافی جیتنے کا تاریخی اعزاز حاصل کر لیا ہے۔
ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کرنے والے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے فائنل الیون میں ایک اہم تبدیلی کرتے ہوئے شاداب خان کی جگہ فہیم اشرف کو میدان میں اتارا۔ سری لنکا کا آغاز انتہائی جارحانہ تھا اور اوپنر کامنڈو مینڈس کی 131 رنز کی سنچری اور روان رتنائیکے کے 70 رنز کی بدولت مہمان ٹیم ایک وقت میں 380 رنز کی طرف بڑھ رہی تھی۔ 41 ویں اوور تک ان کا سکور 3 وکٹوں پر 279 رنز تھا اور پوری مڈل آرڈر بیٹنگ کریز پر موجود تھی۔ اس نازک موڑ پر شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف پر مشتمل پاکستانی پیس اٹیک نے ڈیتھ اوورز میں ایسی نپی تلی اور جادوئی بولنگ کی کہ کھیل کا پورا نقشہ ہی بدل دیا۔ مڈل آرڈر کو بے بس کرتے ہوئے پاکستانی گیند بازوں نے سری لنکا کو آخری 9 اوورز میں محض 46 رنز بنانے دیے اور انہیں 8 وکٹوں پر 325 رنز تک محدود کر دیا۔ پاکستان کی جانب سے شاہین، نسیم، حارث اور سلمان علی آغا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
326 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی شروعات انتہائی تباہ کن رہی جب اوپنر معاز صداقت 5 رنز اور اسٹار بیٹر بابر اعظم صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ محض 14 رنز پر دو اہم ترین وکٹیں گرنے کے بعد اوپنر فخر زمان نے سعد بیگ کے ساتھ مل کر پاکستانی اننگز کو سنبھالا اور اسکور کو 163 رنز تک پہنچایا۔ سعد بیگ 74 رنز کی شاندار اور جارحانہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جبکہ سلمان علی آغا نے 17 رنز بنائے۔ اس دوران فخر زمان نے دباؤ کے ماحول میں ایک ناقابل یقین سنچری اسکور کی اور وہ 220 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔
فخر زمان کی وکٹ گرنے کے بعد میچ ایک بار پھر پھنس گیا تھا، لیکن یہاں نوجوان بیٹرز حسن نواز اور عرفات منہاس نے حواس پر قابو رکھا۔ عرفات منہاس نے صرف 31 گیندوں پر 61 رنز کی طوفانی اور جارحانہ باری کھیل کر فتح کا راستہ ہموار کیا جبکہ حسن نواز نے 37 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے 48.3 اوورز میں 7 وکٹوں پر 331 رنز بنا کر پاکستان کو چیمپئن بنا دیا۔
اس ٹورنامنٹ کی تیسری ٹیم انگلینڈ تھی جو فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گئی تھی۔ اس فتح کے ساتھ ہی پاکستان نے ٹورنامنٹ میں فیورٹ سمجھی جانے والی سری لنکن ٹیم کو ہرا کر ٹرافی اپنے نام کی۔
اس شاندار اور تاریخی فتح پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بھی قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے فخر زمان، عرفات منہاس اور سعد بیگ کی جارحانہ بیٹنگ کی تعریف کی اور کہا کہ کھلاڑیوں نے بہترین ٹیم ورک، نظم و ضبط اور کمال مہارت کا مظاہرہ کر کے سری لنکا کو آؤٹ کلاس کیا، جس پر پوری ٹیم اور مینجمنٹ انتھک محنت کے لیے مبارکباد کی مستحق ہے۔
