سڈنی (کرک اگین رپورٹ)۔ آسٹریلوی کرکٹ ایک بار پھر شدید اندرونی بحران کا شکار ہو گئی ہے۔ سال 2018 کے بدنامِ زمانہ ‘سینڈ پیپر’ بال ٹیمپرنگ سکینڈل پر سابق ساتھی کھلاڑی عثمان خواجہ کی کتاب میں کیے گئے انکشافات نے آسٹریلوی کیمپ میں ہلچل مچا دی ہے، جس پر کپتان پیٹ کمنز کو میدان میں آ کر آدھے گھنٹے سے زائد طویل پریس کانفرنس کرنا پڑی۔
سڈنی کے کرکٹ سینٹرل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے عثمان خواجہ کے ان دعوؤں کو یکسر مسترد کر دیا کہ کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں پوری پلیئنگ الیون کو گیند سے چھیڑ چھاڑ کا علم تھا۔ کمنز نے انتہائی دوٹوک الفاظ میں ان الزامات کو ‘100 فیصد غلط’ اور ‘مکمل طور پر بکواس’ قرار دیا۔
پیٹ کمنز کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ آٹھ برسوں سے ایک ہی بات پر قائم ہیں کہ انہیں میدان میں سینڈ پیپر لے جانے کا کوئی علم نہیں تھا۔ انہوں نے عثمان خواجہ کے اس الزام پر شدید برہمی کا اظہار کیا جس میں کمنز اور دیگر کھلاڑیوں کو اس سازش کا ماسٹر مائنڈ قرار دیا گیا ہے۔
آسٹریلوی کپتان نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس ہفتے یہ جان کر شدید دھچکا لگا کہ خود عثمان خواجہ نے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے کیمرون بین کرافٹ کو سینڈ پیپر استعمال کرتے وقت محتاط رہنے کا مشورہ دیا تھا۔ کمنز کے مطابقیہ وہ عثمان نہیں ہے جسے میں جانتا ہوں، اور نہ ہی وہ اس ٹیم کلچر کا حصہ دکھائی دیتے ہیں جسے ہم نے گزشتہ 8 سالوں میں بڑی محنت سے دوبارہ تعمیر کیا ہے۔ جس عثمان کو میں جانتا تھا، وہ تو وہاں یہ سب ہونے ہی نہ دیتا۔
کمنز نے مزید کہا کہ عثمان خواجہ نے اپنی کتاب میں ان کی اور دیگر کھلاڑیوں کی ذاتی زندگیوں اور آسٹریلوی کرکٹ کی ساکھ کے ساتھ غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کیا ہے۔
کمنز نے واضح کیا کہ وہ ہر کسی کے اپنی کہانی بیان کرنے کے حق کا مکمل احترام کرتے ہیں، جو کچھ کہا یا کیا جاتا ہے، ہر شخص کو اس کا جوابدہ بھی ہونا پڑتا ہے۔
پیٹ کمنز حد سے زیادہ ری ایکشن،زیادہ بولتے اور باڈی لینگویج سے دور نظر آئے۔
