کرک اگین رپورٹ ۔
کرکٹ کی تازہ ترین خبریں یہ ہیں کہ سری لنکا کے خلاف اہم ترین ٹیسٹ سیریز شروع ہونے سے محض چند روز قبل سٹار بلے باز بابر اعظم کی فارم میں واپسی کی ایک اور بڑی کوشش بری طرح ناکام ہو گئی ہے۔ کرکٹ کی بریکنگ نیوز کے مطابق اسلام آباد کے ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے قائد اعظم ٹرافی گولڈ کے اہم ترین میچ میں نہ صرف بابر اعظم رنز بنانے میں ناکام رہے بلکہ ان کی ٹیم لاہور ریجن وائٹس کو بھی فاٹا کے خلاف 241 رنز کی بھاری اور عبرت ناک شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
قائد اعظم ٹرافی کے اس میچ کی دونوں اننگز میں لاہور کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔ میچ کے چوتھے اور آخری روز کرکٹ مداحوں کو امید تھی کہ بابر اعظم کریز پر ٹک کر ایک بڑی اننگز کھیلیں گے اور اپنی ٹیم کو سہارا دینے کے ساتھ ساتھ اپنی فارم بھی بحال کریں گے، مگر وہ 78 گیندوں پر صرف 42 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس سے قبل پہلی اننگز میں بھی وہ محض 28 رنز ہی بنا پائے تھے۔
اس سے پہلے پریزیڈنٹ ٹرافی میں بھی بابر اعظم نے اپنی کھوئی ہوئی فارم تلاش کرنے کی سرتوڑ کوشش کی تھی لیکن تاحال ان کی فارم کی بحالی ممکن نہیں ہو سکی ہے۔ اس مسلسل ناکامی کے بعد اب یہ بڑا سوال کھڑا ہو گیا ہے کہ کیا وہ سری لنکا کے خلاف آئندہ ٹیسٹ سیریز میں اپنا کھویا ہوا اعتماد اور فارم واپس پا سکیں گے؟ بابر اعظم کے مداح اس وقت شدید پریشان ہیں، جبکہ کرکٹ کے غیر جانبدار تجزیہ کاروں نے بھی اب یہ مشورے دینا شروع کر دیے ہیں کہ سابق کپتان کو فوری طور پر کسی ماہر ہیڈ کوچ کی خدمات حاصل کرنی چاہئیں تاکہ وہ اپنی بیٹنگ ٹیکنیک میں موجود خامیوں کو دور کر سکیں۔
دوسری جانب فاٹا ٹیم کی قیادت کرنے والے اسٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے اس میچ میں شاندار کارکردگی دکھائی، انہوں نے پہلی اننگز میں 3 اور دوسری اننگز میں 1 وکٹ حاصل کر کے اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 9 نومبر سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہو رہا ہے، جہاں پاکستانی ٹیم ہوم گراؤنڈ پر مدِ مقابل ہوگی۔
