دوحہ۔کرک اگین رپورٹ ۔کرکٹ کی تازہ ترین خبر ۔ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کے دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان شاہینز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلہ دیش اے کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ اس فتح کے ساتھ ہی پاکستان کرکٹ ٹیم ٹورنامنٹ کے فیصلہ کن معرکے میں پہنچ گئی ہے، جہاں اتوار 29 نومبر کو اس کا مقابلہ سری لنکا اے سے ہوگا۔
فائنل کی دوڑ سے پہلے ہی باہر ہو جانے والی بھارتی کرکٹ ٹیم اب اپنے ملک میں بیٹھ کر پاکستان اور سری لنکا کا فائنل دیکھے گی اور شائقین کی مزید تنقید کی زد میں رہے گی۔
جمعہ کو کھیلے گئے اس اہم سیمی فائنل میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم اس کی اننگز پورے 50 اوورز کے دوران عدم استحکام کا شکار رہی، البتہ تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرنے والے شہادت حسین نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے آخری اوور میں اپنی شاندار سنچری مکمل کی اور 103 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، جن کی 118 گیندوں کی اننگز میں 7 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے محمد اسلام نے 42 رنز اسکور کیے تاہم آخری نمبروں کے بلے بازوں میں سے کوئی بھی وکٹ پر جم کر نہ کھیل سکا اور مقررہ 50 اوورز میں بنگلہ دیشی ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر 232 رنز ہی بنا سکی۔ پاکستان کی طرف سے سپنر سفیان مقیم نے بہترین بولنگ کرتے ہوئے 10 اوورز میں محض 29 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جبکہ علی رضا نے 40 رنز دے کر 2 اور حسن نواز نے 6 اوورز میں 30 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔
233 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان شاہینز کا آغاز اچھا نہ تھا اور صرف 21 کے مجموعی اسکور پر دونوں اوپنرز اوپر تلے آؤٹ ہو گئے، جن میں معاذ صداقت 6 اور شامل حسین 14 رنز بنا سکے۔ مشکل وقت میں تیسری وکٹ کی شراکت پر حسن نواز اور شاہزیب خان نے نہایت ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور 110 رنز کی قیمتی شراکت قائم کر کے ٹیم کو دباؤ سے نکال لیا۔ 131 کے مجموعے پر حسن نواز 62 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جنہوں نے 3 چوکے اور 3 چھکے لگائے، جس کے بعد کپتان عبدالصمد نے محض 33 گیندوں پر 4 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 44 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر فتح کا راستہ ہموار کر دیا، جبکہ شاہزیب خان 85 گیندوں پر 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان نے مطلوبہ ہدف 45.2 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا، بنگلہ دیش کی جانب سے رابیل نے 10 اوورز میں 33 رنز دے کر 1 وکٹ حاصل کی جبکہ باقی بولرز مہنگے ثابت ہوئے۔
