دوحہ ۔کرک اگین رپورٹ ۔قطر کے دارالحکومت دوحہ کے ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اے سی سی مینز ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز 2026 کے پہلے سیمی فائنل میں سری لنکا اے نے بھارت اے کو 8 وکٹوں کی عبرتنا ک شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا ہے۔ شائقینِ کرکٹ جس پاک بھارت فائنل ٹاکرے کا انتظار کر رہے تھے، بھارتی ٹیم کی یکطرفہ شکست نے اس کا تمام رومانس ختم کر دیا ہے۔
کرکٹ کی تازہ ترین خبروں کے مطابق پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 317 رنز کا بڑا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجایا۔ بھارت کی جانب سے اوپنر ابھیشیک شرما 78 رنز (63 گیندیں، 11 چوکے، 1 چھکا) بنا کر ٹاپ اسکورر رہے، جبکہ شہباز احمد نے ناقابلِ شکست 54 اور کپتان تلک ورما نے 53 رنز کی اننگز کھیلی۔ سری لنکا کی جانب سے رویندو فرنینڈو، جینتھ لیاناگے اور نپن دھننجایا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں سری لنکن بلے بازوں نے بھارتی بولنگ اٹیک کو بے بس کرتے ہوئے 318 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف محض 41.3 اوورز میں صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ سری لنکا کی فتح میں اوپنرز کی تاریخی شراکت نے کلیدی کردار ادا کیا۔ لاسیتھ کروسپلے نے 107 گیندوں پر 12 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 116 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ ان کے ساتھی اوپنر سینیٹھ جے وردھنے نے 70 گیندوں پر 10 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 105 رنز جڑ دیے۔ نشن مدوشکا بھی ناقابلِ شکست رہے اور اپنی ٹیم کو 51 گیندیں قبل ہی فائنل میں پہنچا دیا۔
پاکستان سے شکست اور روایتی مقابلوں کی بدلتی کہانی
اس شکست کے ساتھ ہی بھارت کا فائنل میں پاکستان شاہینز کے مدمقابل آنے کا امکان ہمیشہ کے لیے ختم ہو گیا ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل 22 نومبر کو گروپ مرحلے کے میچ میں بھی پاکستان شاہینز نے بھارت اےکو 48 رنز سے دھول چٹائی تھی، جہاں پاکستان کے 313 رنز (حسن نواز 79، معاذ صداقت 59، فرحان یوسف 56) کے جواب میں بھارتی ٹیم 265 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔
گزشتہ چند برسوں کے دوران بھارتی کرکٹ حلقوں کی جانب سے پاکستان کے خلاف میچز کو “یکطرفہ” قرار دیتے ہوئے یہ بیانیہ بنایا جاتا رہا تھا کہ اب کوئی روایتی مقابلہ باقی نہیں رہا، تاہم اب وقت کا پہیہ الٹا گھوم چکا ہے۔ گروپ مرحلے میں پاکستان کے ہاتھوں شکست اور اب سیمی فائنل میں سری لنکا کے سامنے 317 رنز کا دفاع کرنے میں مکمل ناکامی نے ثابت کر دیا ہے کہ بھارتی ٹیم کو اب ایشیائی میدانوں اور ہر بڑے محاذ پر بدترین شکستوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ دوسری جانب ناقابلِ شکست پاکستان شاہینز کل 27 نومبر کو دوسرے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش سے کے مدمقابل ہوں گے، جہاں کامیابی کی صورت میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 29 نومبر کو فائنل کھیلا جائے گا۔
