دوحہ ۔کرک اگین رپورٹ ۔ایشیا کپ رائزنگ سٹارز میں پاکستان شاہینز کی شاندار فتوحات کا سلسلہ جاری ہے، جہاں گرین شرٹس نے اپنے آخری گروپ میچ میں نیپال کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 96 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی۔ اس فتح کے ساتھ ہی پاکستان شاہینز گروپ مرحلے کے تینوں میچز جیت کر ناقابل شکست رہے اور ٹورنامنٹ کی سیمی فائنل لائن اپ بھی مکمل ہو گئی ہے۔
پاکستان شاہینز کی بیٹنگ، روحیل نذیر کی ذمہ دارانہ اننگز
پاکستان شاہینز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 42 اوورز میں 168 رنز اسکور کیے۔ وکٹ کیپر بلے باز روحیل نذیر نے انتہائی مشکل حالات میں ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور 83 گیندوں پر 64 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ ان کی اس دلکش باری میں چار چوکے اور تین فلک شگاف چھکے شامل تھے، جس کی بدولت ٹیم ایک قابلِ دفاع مجموعہ ترتیب دینے میں کامیاب رہی۔موقع پر پاکستان کے 6 وکٹیں 66 رنز پر گر گئی تھیں۔
پاکستانی باؤلرز کی تباہ کن
کارکردگی
169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیپال کی بیٹنگ لائن پاکستانی باؤلرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم محض 17.3 اوورز میں 72 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ پاکستان کی جانب سے تیز گیند باز محمد حسنین اور اسپنر سفیان مقیم نے نپی تلی باؤلنگ کرتے ہوئے تین، تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جبکہ محمد عمران نے دو وکٹیں اپنے نام کیں۔ شاندار نصف سنچری اسکور کرنے پر روحیل نذیر کو میچ کا بہترین کھلاڑی (پلیئر آف دی میچ) قرار دیا گیا۔
سیمی فائنل اور فائنل کا شیڈول، پاک بھارت ٹاکرے کا امکان
گروپ مرحلے کے اختتام پر ٹورنامنٹ کی چاروں سیمی فائنلسٹ ٹیموں کا فیصلہ ہو گیا ہے۔ جاری کردہ شیڈول کے مطابق
پہلےسیمی فائنل میں 26 نومبر کو بھارت اے اور سری لنکا اے کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ دوسرا سیمی فائنل 27 نومبر کو پاکستان شاہینز اور بنگلہ دیش اے کا ہوگا۔
فائنل مقابلہ۔ دونوں سیمی فائنلز کی فاتح ٹیمیں 29 نومبر بروز اتوار کو قطر میں ٹائٹل کے حصول کے لیے ٹکرائیں گی۔
شائقینِ کرکٹ کی نظریں اب ناک آؤٹ مرحلے پر جمی ہوئی ہیں، جہاں دونوں روایتی حریفوں کی فارم کو دیکھتے ہوئے فائنل میں ایک بڑے پاک بھارت ٹاکرے کا قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
بھارت نے ایک اور میچ میں متحدہ عرب امارات کو شکست دی ۔میچ کی خاص بات سوریا ونشی کی تیز ترین سنچری پھر ڈبل سنچری تھی انہوں نے 53 گیندوں پر 204 رنز بنائے۔ 28 چھکے اس میں شامل تھے۔
