عمران عثمانی کی رپورٹ ۔کرکٹ بریکنگ نیوز۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے انڈونیشیا کے شہر بالی میں ہونے والے اپنے حالیہ اجلاس میں 2035 تک کے میگا ایونٹس کی تاریخوں (ونڈوز) کو تو حتمی شکل دے دی تھی، 2032 سے 2035 کے دوران ہونے والے ٹورنامنٹس کے میزبان ممالک کا باضابطہ اعلان روک لیا گیا تھا۔ اب بالی اجلاس کے چند ہی روز بعد کرکٹ کے حلقوں سے بڑی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے، جس کے مطابق ان میں سے دو سے تین بڑے ایونٹس کے مقامات تقریباً طے پا چکے ہیں۔
کرکٹ کی تازہ ترین خبروں کے مطابق 2034 میں ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی ایک بار پھر امریکہ اور ویسٹ انڈیز کو مشترکہ طور پر سونپے جانے کا قوی امکان ہے۔ انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے 2030 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی میزبانی کے پیشِ نظر 2034 کے ایونٹ کے لیے بولی لگانے سے معذرت کر لی ہے، جس کے بعد امریکہ اور ویسٹ انڈیز مضبوط ترین امیدوار بن کر ابھرے ہیں۔ 2034 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی ونڈو 6 جولائی سے 6 اگست رکھی گئی ہے، جو شمالی امریکہ اور کیریبین جزائر کے موسم کے عین مطابق ہے۔ امریکہ اور ویسٹ انڈیز اس سے قبل 2024 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی کامیاب مشترکہ میزبانی کر چکے ہیں اور دونوں بورڈز مستقبل میں بھی باہمی سیریز کے انعقاد پر کام کر رہے ہیں۔ مزید برآں، لاس اینجلس اولمپکس 2028 میں کرکٹ کی شمولیت کے بعد آئی سی سی کی خواہش ہے کہ امریکی مارکیٹ عالمی کرکٹ کی میزبانی کی دوڑ میں مسلسل شامل رہے۔
اسی طرح 2035 کے ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ (2 اکتوبر تا 18 نومبر) کی میزبانی آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کو دیے جانے کا امکان روشن ہے، جبکہ 2033 کی چیمپئنز ٹرافی (2 تا 23 اکتوبر) کے لیے جنوبی افریقہ کا نام سرِفہرست آ رہا ہے۔
2032 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا معمہ اور پاکستان کا امکان
دوسری جانب 14 اکتوبر سے 14 نومبر 2032 تک شیڈول مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی میزبانی اس وقت سب سے بڑا سوال بنی ہوئی ہے۔ اگرچہ اکتوبر اور نومبر کا موسم آسٹریلیا کے لیے نہایت موزوں ہوتا ہے، تاہم آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ 2028 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی میزبانی کر رہے ہیں، اس لیے 2032 میں دوبارہ وہاں ایونٹ کا انعقاد ممکن نہیں دکھائی دیتا۔ جنوبی افریقہ بھی ایک آپشن ہو سکتا تھا، لیکن پروٹیز بورڈ کی نظریں 2033 کی چیمپئنز ٹرافی پر جمی ہوئی ہیں۔
اس اہم معاملے پر جب باخبر اور ذمہ دار ذرائع سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے تصدیق کی کہ 2032 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی میزبانی کے ممکنہ امیدواروں میں پاکستان سمیت ایشیا کے دو دیگر ممالک بھی شامل ہیں۔ اگرچہ بھارت 2029 کی چیمپئنز ٹرافی اور 2031 کے ون ڈے ورلڈ کپ کی میزبانی پہلے ہی حاصل کر چکا ہے، جس کی وجہ سے شاید وہ اس میں زیادہ دلچسپی نہ لے، تاہم خطے کی کرکٹ اور پاکستان کے ساتھ معاملات کی مناسبت سے بھارت کا کردار بھی اہم ہو سکتا ہے۔ ان تمام ایونٹس کی میزبانی کا حتمی اور باضابطہ فیصلہ آنے والے وقت میں آئی سی سی بورڈ ہی کرے گا۔
