پاکستان سپر لیگ کے 12ویں ایڈیشن کی تیاریاں ہیں اور ٹورنامنٹ کے آغاز کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے جس کا افتتاحی میچ اس بار پشاور میں کھیلا جائے گا۔ لیگ کے آئندہ سیزن کے لیے کھلاڑیوں کی نیلامی یا پلیئر آکشن کی تاریخ بھی سامنے آ گئی ہے جو آئندہ برس 23 جنوری 2027 کو منعقد ہوگا ۔
فرنچائزز کو براہ راست غیر ملکی اسٹارز کو اپنے اسکواڈز کا حصہ بنانے کا جو موقع دیا گیا تھا اس کی ونڈو 23 نومبر کو بند ہو گئی ہے۔ اس مرحلے میں لیگ کی 8 میں سے 6 ٹیموں نے بھاری معاوضوں پر عالمی شہرت یافتہ کرکٹرز کی خدمات حاصل کر کے اپنے ارادے واضح کر دیے ہیں جبکہ دو فرنچائزز نے بالکل مختلف حکمت عملی اپناتے ہوئے براہ راست سائننگ سے گریز کیا ہے۔
نئی اور پرانی فرنچائزز کے درمیان کھلاڑیوں کو حاصل کرنے کی اس دوڑ میں راولپنڈیز نے سب سے بڑی بولی لگا کر آسٹریلوی آل راؤنڈر میتھیو شارٹ کو 9 کروڑ 15 لاکھ روپے کے خطیر معاوضے پر اپنے ساتھ جوڑ لیا ہے۔ دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اپنی بولنگ لائن کو تباہ کن بنانے کے لیے نیوزی لینڈ کے تیز گیند باز لوکی فرگوسن پر 7 کروڑ 63 لاکھ روپے خرچ کیے ہیں، جبکہ دفاعی و سابق چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ نے بھی کیوی پیسر میٹ ہنری کو 7 کروڑ 7 لاکھ روپے میں سائن کر کے اپنی طاقت میں اضافہ کیا ہے۔ لاہور قلندرز نے سری لنکا کے باصلاحیت آل راؤنڈر کامندو مینڈس کو 6 کروڑ 38 لاکھ روپے میں اپنے کیمپ کا حصہ بنایا ہے، کراچی کنگز نے انگلینڈ کے تجربہ کار لیگ اسپنر عادل رشید کی خدمات 6 کروڑ 20 لاکھ روپے میں حاصل کی ہیں اور ملتان سلطانز نے آسٹریلوی فاسٹ بولر لانس مورس کو 5 کروڑ 50 لاکھ روپے میں منتخب کیا ہے۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ لیگ کی مقبول ترین فرنچائزز میں شمار ہونے والی پشاور زلمی اور نئی ٹیم حیدرآباد کنگز مین نے براہ راست سائننگ کی اس سہولت سے فائدہ نہ اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان دونوں ٹیموں کی انتظامیہ نے طے کیا ہے کہ وہ براہ راست کسی ایک مہنگے کھلاڑی کو لینے کے بجائے پرانے کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے، باہمی تبادلوں یعنی ٹریڈز اور 23 جنوری کو ہونے والے پلیئر آکشن کے ذریعے اپنا متوازن اسکواڈ تشکیل دیں گی۔ لیگ کے قواعد کے مطابق براہ راست سائننگ کے لیے صرف انہی غیر ملکی کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جا سکتا تھا جو گزشتہ دو سیزن یعنی پی ایس ایل دس اور پی ایس ایل گیارہ کا حصہ نہیں رہے تھے۔
مالی معاملات اور اسکواڈ کی تشکیل کے حوالے سے پی ایس ایل انتظامیہ نے سخت مگر دلچسپ ضوابط لاگو کیے ہیں جن کے تحت تمام فرنچائزز کو 13 جنوری 2027 تک اپنے برقرار رکھے جانے والے کھلاڑیوں کی حتمی فہرست جمع کرانا ہوگی۔ براہ راست سائننگ سمیت ہر ٹیم زیادہ سے زیادہ سات کھلاڑیوں کو ریٹین کر سکے گی، تاہم جو فرنچائز پورے سات کھلاڑی برقرار رکھے گی اسے پچھلے آکشن کی سب سے مہنگی کیٹیگری کے ایک کھلاڑی کو لازمی طور پر ریلیز کر کے جنرل پول میں بھیجنا ہوگا۔ ہر ٹیم کے لیے کھلاڑیوں کے معاوضوں کا مجموعی بجٹ پینتالیس کروڑ روپے مقرر کیا گیا ہے تاہم نئی براہ راست سائننگ کرنے یا پچھلے سیزن کی سائننگ برقرار رکھنے والی فرنچائزز کے لیے یہ حد 50 کروڑ 50 لاکھ روپے تک بڑھ سکتی ہے، جبکہ ہر ٹیم کے لیے کم از کم 36 کروڑ 50 لاکھ روپے خرچ کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ ٹورنامنٹ کے مکمل شیڈول اور دیگر تفصیلات کا اعلان آئندہ چند ہفتوں میں کر دیا جائے گا۔
