ملتان ۔کرک اگین رپورٹ۔ چیمپینز کپ فائنل،کپتانوں کے عزائم اور ٹرافی ۔کرکٹ کی تازہ ترین خبریں
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے نیشنل چیمپئنز کپ کے فائنل کا اسٹیج سج گیا ہے، جہاں کل (منگل کو) دوپہر 3 بجے روایتی حریف پاکستان گرینز اور پاکستان گولڈ کی ٹیمیں ٹرافی کے لیے آمنے سامنے ہوں گی۔ فائنل سے قبل دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے چمکتی دمکتی ٹرافی کے ساتھ فوٹو شوٹ بھی کروایا۔
ٹورنامنٹ میں اب تک پاکستان گرینز کی کارکردگی انتہائی شاندار رہی ہے اور انہوں نے اپنے تینوں میچز جیت کر ناقابلِ شکست رہتے ہوئے فائنل میں جگہ بنائی ہے۔ دوسری جانب، پاکستان گولڈ کا سفر قدرے کٹھن رہا، جو تین میں سے صرف ایک میچ ہی جیت سکی، تاہم فائنل کے بڑے دنگل کے لیے وہ بھی بھرپور عزم کے ساتھ میدان میں اترنے کو تیار ہے۔ ایونٹ کی فاتح ٹیم کو 50 لاکھ روپے جبکہ رنرز اپ کو 25 لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی۔
کپتانوں کے بیانات اور عزم
پاکستان گولڈ کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے فائنل سے قبل اپنی ٹیم کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پہلے دو میچز ہمارے حق میں نہیں رہے تھے، لیکن تیسرے میچ میں ٹیم نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے بہترین کھیل پیش کیا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ گرینز کی ٹیم اس وقت بہت اچھا کھیل رہی ہے، اس لیے فائنل مقابلہ انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار ہوگا۔
دوسری طرف، ناقابلِ شکست پاکستان گرینز کے کپتان شاداب خان نے اپنی ٹیم کی تعریف کرنے کے ساتھ ساتھ حریف کو تر نوالا سمجھنے سے انکار کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پوری ٹیم نے اب تک ٹورنامنٹ میں بہترین کرکٹ کھیلی ہے اور گراؤنڈ میں تمام کھلاڑیوں کا مائنڈ سیٹ مثبت رہا ہے۔ تاہم، فائنل جیسے بڑے میچ میں پاکستان گولڈ جیسی ٹیم انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے، اس لیے ہم انہیں بالکل ہلکا نہیں لیں گے۔
شائقینِ کرکٹ کے لیے بڑی خوشخبری
ملتان کے شہریوں اور کرکٹ کے دیوانوں کے لیے فائنل کو یادگار بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اسٹیڈیم میں شائقینِ کرکٹ کا داخلہ بالکل مفت ہوگا تاکہ وہ بڑی تعداد میں آکر میچ سے لطف اندوز ہو سکیں۔ اس کے علاوہ، فائنل میچ کے اختتام پر ایک شاندار میوزیکل کنسرٹ کا انعقاد بھی کیا جائے گا، جس میں پاکستان کے مشہور و معروف گلوکار ساحر علی بگا اپنی آواز کا جادو جگا کر فائنل کی رات کو مزید دلکش بنائیں گے۔
