سڈنی۔کرک اگین رپورٹ ۔کرکٹ بریکنگ نیوز ہے کہ گلین
میکسویل کا بڑا فیصلہ۔
گلین میکسویل نے انٹرنیشنل کرکٹ سمیت ڈومیسٹک فارمیٹس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا
آسٹریلیا کے جارح مزاج اور مایہ ناز آل راؤنڈر گلین میکسویل نے بین الاقوامی کرکٹ کے ساتھ ساتھ فرسٹ کلاس اور لسٹ اے گیم کو بھی ہمیشہ کے لیے خیرباد کہہ دیا ہے۔ 38 سالہ کرکٹر اب صرف مختصر ترین فارمیٹ کی لیگز پر فوکس کریں گے اور بگ بیش لیگ میں میلبورن اسٹارز کی جانب سے ایکشن میں دکھائی دیں گے، جہاں ان کے معاہدے میں پہلے ہی 2027-28 تک کی توسیع کی جا چکی ہے۔
آسٹریلوی اسٹار نے گزشتہ سال جون میں ایک روزہ کرکٹ سے علیحدگی اختیار کر لی تھی، تاہم وہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں بدستور دستیاب تھے۔ سال 2026 کے مختصر فارمیٹ کے ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کا گروپ مرحلے کا آخری میچ جو اومان کے خلاف کھیلا گیا، وہ میکسویل کے انٹرنیشنل کیریئر کا بھی آخری میچ ثابت ہوا، کیونکہ آسٹریلوی ٹیم اس میگا ایونٹ کے اگلے مرحلے میں کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی تھی۔ اپنے الوداعی انٹرنیشنل میچ میں انہوں نے گیند بازی کرتے ہوئے دو شکار کیے جبکہ انہیں بیٹنگ کا موقع نہ مل سکا۔
گلین میکسویل کا ٹی20 کیریئر انتہائی شاندار رہا، جہاں انہوں نے کینگروز کے لیے 130 میچز کھیل کر 154.42 کے طوفانی اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 2897 رنز اسکور کیے اور ساتھ ہی 51 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ اس فارمیٹ میں ان کے نام ریکارڈ 5 سنچریاں درج ہیں، جو انہوں نے بھارتی کپتان روہت شرما کے ساتھ مشترکہ طور پر قائم کر رکھی ہیں۔ طویل فارمیٹ کی بات کی جائے تو میکسویل کو صرف 7 ٹیسٹ میچز میں آسٹریلین کیپ مل سکی، جس میں انہوں نے مجموعی طور پر 339 رنز بنائے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں ان کا بہترین اسکور 104 رنز رہا جو انہوں نے 2017 میں بھارت کے خلاف رانچی کے میدان پر بنایا تھا، اور یہی سال ان کے آخری ٹیسٹ میچ کا سال بھی تھا۔
