لاہور (کرک اگین ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کی جانب سے سہ ملکی (ٹرائی نیشن) سیریز میں حصہ لینے والی پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف اور میچ آفیشلز کے اعزاز میں تاریخی شاہی قلعہ لاہور میں ایک پروقار اور شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کے دوران روایتی ثقافت کے رنگ نمایاں رہے جہاں غیر ملکی کرکٹرز نے لاہور کی تاریخی خوبصورتی کا دل کھول کر لطف اٹھایا۔
عالمگیری دروازے پر شاہانہ استقبال اور یادگار ٹور
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے خود عالمگیری دروازے پر تمام مہمان ٹیموں کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس تاریخی دورے کے دوران کھلاڑیوں اور میچ آفیشلز کو بادشاہی مسجد، مزارِ اقبال اور حضوری باغ کا خصوصی ٹور کرایا گیا۔ دیوانِ خاص پہنچنے پر مغلیہ دور کے روایتی لباس میں ملبوس دربانوں نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ کرکٹرز کو دیوانِ عام، بارود خانہ اور شیش محل کی سیر بھی کرائی گئی، جہاں انہوں نے شاہی قلعہ کی تاریخی حیثیت اور مغلیہ دور کی تاریخ میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
رنگیلا رکشہ، ڈھول کی تھاپ اور روایتی تواضع
تقریب کا سب سے دلچسپ پہلو غیر ملکی کھلاڑیوں کی رنگیلا رکشہ کی سواری تھی، جس سے وہ بے حد محظوظ ہوئے۔ اس موقع پر ڈھولیچی گروپ کی شاندار اور روایتی پرفارمنس نے سماں باندھ دیا، جس پر غیر ملکی کھلاڑی تالیاں بجا کر بھرپور داد دیتے نظر آئے۔ مہمانوں کے اعزاز میں ایک پرشکوہ شاہی عشائیے (ڈنر) کا بھی اہتمام کیا گیا جہاں روایتی کھانوں سے ان کی تواضع کی گئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ “آپ سب ہمارے خصوصی اور معزز مہمان ہیں۔ پاکستان ایک پرامن اور محفوظ ملک ہے، اور یہاں کے عوام کرکٹ کے کھیل سے والہانہ لگاؤ رکھتے ہیں۔ ہمیں خوشی ہے کہ آپ سب یہاں موجود ہیں۔
پہلی بار ایسی ناقابلِ فراموش تقریب دیکھی۔ غیر ملکی کھلاڑی
پی سی بی کی اس شاندار میزبانی پر غیر ملکی کھلاڑیوں اور میچ آفیشلز نے کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے تقریب کو یادگار قرار دیا۔ غیر ملکی کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ “لاہور کے تاریخی مقامات دیکھ کر دلی خوشی ہوئی ہے، ہم یہاں سے انتہائی خوشگوار یادیں لے کر واپس جائیں گے۔ ہم نے پہلی بار ایسی منفرد اور ناقابلِ فراموش تقریب دیکھی ہے۔
اعلیٰ شخصیات اور سابق کرکٹرز کی شرکت
شاہی قلعہ میں سجنے والی اس محفل میں سری لنکا کے سفارتکاروں، چیف سیکرٹری پنجاب، سابق چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف، رمیز راجہ، چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی، چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایس ایل، متعدد سابق کرکٹرز اور اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی اور تقریب کو رونق بخشی۔
