کولمبو ۔کرک اگین رپورٹ ۔
کرکٹ کی تازہ ترین خبریں اور کرکٹ بریکنگ نیوز ۔ ایک بڑی اپڈیٹ سامنے آئی ہے۔
سری لنکا کی کرکٹ ٹیم اس وقت پاکستان کے دورے پر ہے، جہاں کل سے ٹی 20 سیریز کا آغاز ہو رہا ہے۔ اس دورے میں ٹی ٹوئنٹی کے بعد ون ڈے فارمیٹ کی سہ فریقی (ٹرائی نیشن) سیریز اور پھر نومبر میں ٹیسٹ سیریز کھیلی جائے گی۔ سری لنکن اسکواڈ کے کچھ کھلاڑی تینوں فارمیٹس کا حصہ ہیں، جبکہ ٹیسٹ فارمیٹ کے ماہر کھلاڑی بعد میں پاکستان پہنچیں گے۔
اس اہم ترین دورے کے آغاز سے ٹھیک پہلے سری لنکن کرکٹ ٹیم میں ایک بڑی تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے۔ سری لنکا کے ٹیسٹ کپتان دھننجایا ڈی سلوا نے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل اچانک اپنے عہدے سے فوری طور پر استعفیٰ دے دیا ہے۔
استعفیٰ کی وجوہات
35 سالہ مڈل آرڈر بیٹر دھننجایا ڈی سلوا نے سری لنکا کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کو خط لکھ کر اپنے استعفیٰ کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے اپنے فیصلے کی وجہ بتاتے ہوئے لکھا کہ یہ ان کی ذاتی اور مخلصانہ رائے ہے کہ اب یہ ذمہ داری اگلی نسل کے کھلاڑیوں کو منتقل ہونی چاہیے تاکہ وہ نئے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سائیکل سے پہلے ٹیم کو سنبھال سکیں۔ البتہ انہوں نے واضح کیا ہے کہ وہ بطور کھلاڑی ٹیم میں سلیکشن کے لیے دستیاب رہیں گے اور پاکستان کے خلاف نومبر میں ہونے والی ٹیسٹ سیریز کا حصہ ہوں گے۔
بطور کپتان ریکارڈ
دھننجایا ڈی سلوا کو جنوری 2024 میں ڈیموتھ کرونارتنے کی جگہ ٹیسٹ ٹیم کی کمان سونپی گئی تھی۔
مجموعی میچز۔انہوں نے 2024 سے 2026 کے درمیان مجموعی طور پر 18 ٹیسٹ میچوں میں سری لنکا کی قیادت کی۔
نتائج۔ ان کی قیادت میں سری لنکا نے 7 ٹیسٹ میچوں میں فتح حاصل کی، 8 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ 3 میچ ڈرا ہوئے۔
کامیابیاں۔انہوں نے افغانستان، بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے میں ٹیم کی قیادت کی۔
انفرادی کارکردگی۔بطور کپتان انہوں نے سلہٹ ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں سنچریاں بنا کر بنگلہ دیش کے خلاف ٹیم کو 328 رنز کی بڑی فتح دلائی تھی۔ کپتانی کے دوران انہوں نے مجموعی طور پر 4 سنچریاں اسکور کیں اور ان کی بیٹنگ اوسط 36.45 رہی۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 9 نومبر سے راولپنڈی میں شیڈول ہے، اور سری لنکن بورڈ کی جانب سے جلد ہی نئے ٹیسٹ کپتان کا اعلان کیا جائے گا۔
