برمنگھم ۔کرک اگین رپورٹ محسن نقوی کے زیر اہتمام پاکستان انگلینڈ میں پہلی بار وائٹ واش کا شکار ۔
پاکستان کرکٹ ٹیم انگلینڈ میں پہلی بار وائٹ واش شکست کا شکار ہو گئی ہے اور ایج باسٹن میں تیسرا ٹیسٹ میچ ہارنے کے بعد انگلینڈ میں شکستوں کی ہیٹ ٹرک مکمل ہو گئی ہے۔ انگلینڈ نے تیسرا ٹیسٹ میچ 8 وکٹوں سے جیت کر تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں تین صفر سے کامیابی حاصل کی۔
میچ کے چوتھے روز انگلینڈ نے جب 130 رنز کے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو محمد عباس نے پہلے ہی اوور میں دو وکٹیں حاصل کر کے انگلینڈ کے دونوں اوپنرز بین ڈکٹ اور زیک کرولی کو صفر پر پویلین بھیج دیا۔ صرف دو رنز پر دو کھلاڑی آؤٹ ہونے سے میچ میں تھوڑی سنسنی تو پھیلی لیکن یہ خوشی وقتی ثابت ہوئی، کیونکہ جب ہدف چھوٹا ہو تو ایسی کامیابیاں اثر نہیں دکھا پاتیں۔ پوری سیریز میں فلاپ رہنے والے جو روٹ نے اہم موقع پر اپنی مہارت دکھائی اور ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 69ویں نصف سنچری مکمل کی۔ ان کے ساتھ کوکس نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور وہ 59 رنز اور روٹ 62 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔عباس نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
اس میچ کی پہلی اننگز میں پاکستان کی ٹیم صرف 133 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی جس کے جواب میں انگلینڈ نے 453 رنز بنائے۔ پاکستان نے دوسری اننگز میں قدرے بہتر بیٹنگ کرتے ہوئے 449 رنز بنائے، جس کے بعد انگلینڈ کو جیت کے لیے 130 رنز کا ہدف ملا جو انہوں نے چوتھے روز باآسانی پورا کر لیا۔ پاکستان اس سیریز میں پہلے لارڈز میں ہارا، پھر لیڈز میں ہارا اور اب ایجبسٹن میں ہارا۔ اس شکست کے ساتھ ایجبسٹن میں ٹیسٹ نہ جیتنے کی پرانی روایت برقرار رہی اور یہاں کھیلے گئے نویں ٹیسٹ میں پاکستان کے حصے میں چھٹی شکست آئی۔
پاسپورٹ کہانی،رضا اللہ نے چھت پھاڑ دی،سنسنی خیز انکشافات
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی اور ٹیم مینجمنٹ کے لیے یہ ناکامی سے بھرپور ایک اور تاریک لمحہ ہے۔ موجودہ رجیم اور ان کے فیصلوں کے نتیجے میں ٹیم اپنے ملک سے لے کر بیرون ملک ہر دورے میں مسلسل ناکام ہو رہی ہے اور اب یہ سوال اٹھ رہا ہے کہ خرابی اوپر سے نیچے تک ہے یا کچھ اور ہے۔
