| | |

پاکستان ویمنز ٹیم کا جنوبی افریقہ کے خلاف کلین سوئپ

کراچی 4 ستمبر،پی سی بی میڈیا ریلیز

پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ کی خواتین کرکٹ ٹیم کے خلاف تیسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل دلچسپ مقابلے کے بعد 6 رنز سے جیت لیا۔اس طرح اس نے تین میچوں کی سیریز میں کلین سوئپ کرلیا۔اس نے پہلا میچ پانچ وکٹوں سے اور دوسرا میچ سات وکٹوں سے جیتا تھا۔پاکستان ویمنز کی یہ شاندار کارکردگی اس اعتبار سے غیرمعمولی اہمیت کی حامل ہے کہ اس نے یہ سیریز اسی سال ٹی ٹوئنٹی ویمنز ورلڈ کپ کا فائنل کھیلنے والی عالمی نمبر پانچ ٹیم کے خلاف جیتی ہے۔

پیر کے روز نیشنل بینک کھیلے گئے تیسرے اور آخری میچ میں جنوبی افریقہ ویمنز نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان ویمنز کو بیٹنگ دی جس نے 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے ۔جواب میں جنوبی افریقہ ویمنز 20 اوورز میں 5 وکٹوں پر144 رنز بناسکی۔پاکستانی ٹیم ایک تبدیلی کے ساتھ میدان میں اتری۔ فاطمہ ثنا کی جگہ سیدہ عروب شاہ کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔پاکستان ویمنز کی پہلی وکٹ 41 کے مجموعی اسکور پر گری جب شوال ذوالفقار18 رنز بناکر ملابا کی گیند پر انہی کے ہاتھوں کیچ ہوئیں۔ اس کے بعد بسمہ معروف اور سدرہ امین نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 49 رنز کا اضافہ کیا ۔سدرہ امین چار چوکوں کی مدد سے 39 رنز بناکر آؤٹ ہوگئیں۔ بسمہ معروف نے 39 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 3 چوکے شامل تھے انہوں نے کپتان ندا ڈار کے ساتھ تیسری وکٹ کی شراکت میں49 رنز کا اضافہ کیا۔

ندا ڈار 20 گیندوں پر 36 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں۔ ان کی اننگز میں 5 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
جنوبی افریقہ ویمنز کی کپتان لورا ووفارٹ اور ٹیزمین برٹس نے اپنی ٹیم کو 31 رنز کا اسٹارٹ دیا۔اس موقع پر نشرہ سندھو نے ٹیزمین برٹس کو18 رنز پر بولڈ کردیا۔نشرہ سندھو نے دوسری کامیابی انیکے باش کو10 رنز پر آؤٹ کرکے حاصل کی۔اسوقت جنوبی افریقہ ویمنز کا اسکور61 رنز تھا تاہم اس کے بعد ووفارٹ نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو جیت کے قریب کردیا لیکن سعدیہ اقبال نے دو اہم وکٹیں حاصل کرکے بازی پلٹ دی۔ پہلے انہوں نے سنی لیزے کو آؤٹ کیا اور پھرووفارٹ کو متبادل کھلاڑی فاطمہ ثنا کے ہاتھوں کیچ کرادیا۔ ووفارٹ نے 54گیندوں پر9 چوکوں کی مدد سے72 رنز اسکور کیے جو ان کا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں بہترین انفرادی اسکور بھی ہے۔دونوں لیفٹ آرم اسپنرز نشرہ سندھو اور سعدیہ اقبال نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔دونوں ٹیمیں اب آٹھ، گیارہ اور چودہ ستمبر کو کراچی ہی میں تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلیں گی جو آئی سی سی چیمپئن شپ کا حصہ ہوگی۔
مختصر اسکور۔
پاکستان ویمنز۔150 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ ( 20 اوورز ) بسمہ معروف 39۔ سدرہ امین 39۔ ندا ڈار36 ۔ٹومی سیکوکونے 24 / 2 وکٹ۔
جنوبی افریقہ ویمنز 144 رنز 5کھلاڑی آؤٹ ( 20 اوورز ) لورا ووفارٹ72 ۔ نشرہ سندھو 16 / 2 وکٹ۔سعدیہ اقبال 25 / 2 وکٹ۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *