کرک اگین سپیشل رپورٹ ۔ پریزیڈنٹ ٹرافی،رنز کی برسات،پہلی وکٹ پر شراکت کا ریکارڈ ٹوٹنے والا یا۔
پریذیڈنٹ ٹرافی فرسٹ کلاس میچز۔حسن رضا کی شاندار ڈبل سنچری اور محمد حریرہ کی فارم برقرار۔آج کھیل کے میدان سے کرکٹ بریکنگ نیوز یہ ہے کہ پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کے تیسرے راؤنڈ کے دوسرے دن کا کھیل اختتام پذیر ہو گیا ہے۔
کرکٹ کی تازہ ترین خبر یہ ہے کہ اس وقت سب سے بڑی اور سنسنی خیز کارکردگی سٹیٹ بینک کے اوپننگ بلے باز حسن رضا نے دکھائی ہے، جنہوں نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ناقابل شکست ڈبل سنچری داغ دی ہے۔ ان کے ساتھ غنی الیون کے علی رزاق، سٹیٹ بینک کے عبداللہ فضل، کے آر ایل کے سرمد بھٹی اور کنگز مین کے محمد حریرہ نے بھی شاندار سنچریاں سکور کی ہیں، جبکہ باؤلنگ میں کنگز مین کے فاسٹ باؤلر محمد الیاس نے پانچ وکٹیں حاصل کر کے اپنی گرفت مضبوط کر لی ہے۔
نیشنل گراؤنڈ اسلام آباد۔سٹیٹ بینک کی تاریخی اوپننگ شراکت
نیشنل گراؤنڈ اسلام آباد میں جاری میچ میں غنی الیون کی ٹیم پہلی اننگز میں 322 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ جواب میں سٹیٹ بینک کے اوپنرز نے کمال کر دیا اور دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک بغیر کسی نقصان کے 378 رنز بنا لیے ہیں۔حسن رضا کی ڈبل سنچری۔ حسن رضا نے اپنے فرسٹ کلاس کیریئر کی پہلی ڈبل سنچری بنائی۔ وہ 202 گیندوں پر 204 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔عبداللہ فضل کی سنچری۔ان کا ساتھ دینے والے عبداللہ فضل نے اپنے کیریئر کی پانچویں فرسٹ کلاس سنچری بنائی اور وہ 207 گیندوں پر 168 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں۔
ریکارڈ شراکت۔دونوں بلے بازوں کے درمیان صرف 68 اوورز میں 378 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم ہو چکی ہے۔یہاں یہ بات ذکر کرنا ضروری ہے کہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں پہلی وکٹ پر ورلڈ ریکارڈ 561 رنز کا ہے، جو 1976 میں منصور اختر اور وحید اختر نے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں بنایا تھ۔ سٹیٹ بینک کے یہ دونوں اوپنرز اب اسی بڑے ہدف کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ اس سے قبل، دن کے آغاز پر غنی الیون کے علی رزاق نے بھی بہترین بیٹنگ کرتے ہوئے اپنے کیریئر کی دوسری فرسٹ کلاس سنچری مکمل کی تھی۔
ایبٹ آباد، خراب موسم اور سرمد بھٹی کی 14ویں سنچری
ایبٹ آباد میں کھیلے جا رہے میچ میں دوسرے دن خراب موسم یا روشنی کی وجہ سے صرف 49 اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا۔ یہ میچ کے آر ایل اور اوجی ڈی سی ایل کے درمیان کھیلا جا رہا ہے۔ کے آر ایل نے پہلے دن کے سکور 202 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ سے آگے کھیلنا شروع کیا اور 8 وکٹ پر377 رنز بنا لئے۔ کے آر ایل کی طرف سے سرمد بھٹی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے فرسٹ کلاس کیریئر کی 14 ویں سنچری سکور کی۔
عمران خان کرکٹ سٹیڈیم پشاور
ایس این جی پی ایل مشکلات کا شکار۔پشاور میں کھیلے جا رہے میچ میں ایس این جی پی ایل کی ٹیم ایم آئی ٹی سلیوشنز کے خلاف شدید دباؤ میں نظر آ رہی ہے۔ ایم آئی ٹی سلیوشنز نے دوسرے دن اپنے سفر کا آغاز 258 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ سے کیا اور 434 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر اپنی پہلی اننگز ڈکلیئر کرنے کا فیصلہ کیا۔ایس این جی پی ایل کی جانب سے عمران رندھاوا نے تین، جبکہ نسیم شاہ اور محمد عذب نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں ایس این جی پی ایل کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔ دن کے اختتام تک انہوں نے صرف 9.5 اوورز میں 32 رنز پر اپنے 3 اہم کھلاڑی گنوا دیے۔ ایم آئی ٹی کے فاسٹ باؤلر محمد اسماعیل نے دو اور عمران جونیئر نے ایک وکٹ حاصل کی۔
ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد۔ محمد حریرہ کی ایک اور سنچری
ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ میں کنگز مین اکیڈمی اور پی ٹی وی کے درمیان میچ جاری ہے۔ پی ٹی وی کی ٹیم پہلی اننگز میں 355 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوئی۔ جواب میں کنگز مین اکیڈمی نے شاندار آغاز کیا اور دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک 2 وکٹوں کے نقصان پر 237 رنز بنا لیے ہیں۔کنگز مین کے مایہ ناز اوپننگ بلے باز محمد حریرہ نے ایک بار پھر اپنی کلاس ثابت کی اور 225 گیندوں پر 133 رنز بنا کر وکٹ پر ڈٹے ہوئے ہیں۔ یہ ان کے فرسٹ کلاس کیریئر کی 12 ویں سنچری ہے۔ ان کے ساتھ محمد سلمان بھی بہترین بیٹنگ کر رہے ہیں اور دونوں کے درمیان اب تک 186 رنز کی مضبوط شراکت قائم ہو چکی ہے۔
