| | |

صائم ایوب کے 11 چھکے 15 چوکے،179 رنز

 

 

لاہور 9 نومبر، 2023:ءپی سی بی میڈیا ریلیز

پاکستان کپ ایکروزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کے پانچویں راؤنڈ میں فاٹا، پشاور، ملتان اور کراچی وائٹس نے کامیابی حاصل کرلی۔ ایبٹ آباد اور راولپنڈی میں میچز خراب روشنی کے باعث متاثر ہو ئے۔

ان میچوں کی خاص بات کراچی وائٹس کے صائم ایوب کے راولپنڈی کے خلاف جارحانہ 179 رنز تھے جو لسٹ اے ایکروزہ کرکٹ میں ان کا بہترین انفرادی اسکور بھی ہے۔

شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کراچی وائٹس نے راولپنڈی کے خلاف 72رنز سے کامیابی حاصل کی۔اس میچ کا فیصلہ ڈک ورتھ لوئس کے تحت ہوا۔
راولپنڈی نے ٹاس جیت کر کراچی وائٹس کو پہلے بیٹنگ دی جس نے 45 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 364 رنز بنائے۔ صائم ایوب نے سیزن میں اپنی شاندار بیٹنگ کو جاری رکھتے ہوئے صرف 125گیندوں پر 179 رنز بناڈالے ان کی اننگز میں15 چوکے اور11 چھکے شامل تھے ۔ انہوں نے شان مسعود کے ساتھ پہلی وکٹ کے لیے 95رنز اور اسد شفیق کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے121 رنز کا اضافہ کیا۔ شان مسعود نے 35 اور اسد شفیق نے چھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 57 رنز اسکور کیے۔
جواب میں راولپنڈی نے27 اوورز میں5 وکٹوں کے نقصان پر169 رنز اسکور کیے۔عبدالفصیح نے نو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 54 رنز اسکور کیے۔عمرامین نے 44 رنز بنائے جس میں 5 چوکے اور2 چھکے شامل تھے۔نعمان علی نے 19 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں۔

ایبٹ آباد اسٹیڈیم میں ملتان نے لاہور بلوز کو ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت 37 رنز سے ہرادیا۔
ملتان نے ٹاس جیت کر لاہور بلوز کو بیٹنگ دی جس نے 40 اوورز میں 7 وکٹوں پر257 رنز بنائے۔
حسین طلعت نے 9 چوکوں کی مدد سے 70 رنز اسکور کیے۔ رضوان حسین نے 62 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 9چوکے شامل تھے۔طاہر حسین نے56 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں ملتان نے21.2 اوورز میں4 وکٹوں پر163 رنز بنائے۔شرجیل خان نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 5 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 82 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

میرپور کرکٹ اسٹیڈیم میں فاٹا نے لاہور وائٹس کو 6 وکٹوں سے ہرادیا۔
فاٹا نے ٹاس جیت کر لاہور وائٹس کو بیٹنگ دی ۔لاہور وائٹس کی ٹیم 38.1 اوورز میں 128 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔احمد دانیال نے 32 اور فہد منیر نے 27 رنز اسکور کیے۔ آصف آفریدی نے 15 اور کپتان خوشدل شاہ نے 30رنز دے کر تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
فاٹا نے22.1 اوورز میں چار وکٹوں پر 130رنز بناکر میچ جیت لیا۔محمد فاروق نے چھ چوکوں کی مدد سے40 رنز بنائے۔ محمد سرور آفریدی چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 34 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں پشاورنے فیصل آباد کو ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت 68 رنز سے ہرادیا۔
فیصل آباد نے ٹاس جیت کر پشاور کو بیٹنگ دی جو 45 اوورز میں 264 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔صاحبزادہ فرحان نے9 چوکوں کی مدد سے66 رنز بنائے۔ کامران غلام نے سات چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 63 رنز اسکور کیے۔
ارشد اقبال نے67 رنز دے کر5 وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں فیصل آباد نے 27.3 اوورز میں7 وکٹوں کے نقصان پر 142 رنز بنائے ۔آصف علی نے 30 رنز اسکور کیے۔محمد الیاس، عباس آفریدی اور اعظم خان نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *