لاہور ۔کرک اگین رپورٹ۔
کرکٹ بریکنگ نیوز۔ جیت پر فوکس ہے، ہم 400 رنز یا 500 رنز کا نہیں سوچتے۔ شاہین شاہ آفریدی کا انکشاف۔۔میری سپیڈ کم ہوئی ہے اس پر کام ہو رہا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے انکشاف کیا ہے کہ ہم یہ نہیں سوچتے کہ 400 رنز ہیں یا 500 رنز ہیں، ہمارا فوکس صرف جیت پر ہوتا ہے۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں سہ ملکی کپ کے تحت پاکستان اور انگلینڈ کے میچ سے ایک روز قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے متعدد سوالات کے جوابات دیے۔
انہوں نے بتایا کہ سری لنکا کا جو آخری میچ انگلینڈ سے ہوا، اس میں پچ کا کوئی قصور نہیں تھا بلکہ پچ بالکل ٹھیک تھی۔ ڈیو فیکٹر (شبنم) دوسری اننگز میں سری لنکا کے کام آیا اور انگلینڈ کے لیے مسئلہ بنا۔
شاہین نے کہا کہ ہم نے یہاں لاہور میں بھی کہہ دیا ہے کہ ویسی ہی پچز بنائی جائیں، جس کا مطلب یہ لیا جا سکتا ہے کہ یہاں ایک بار پھر رنز کا پھٹا لگ سکتا ہے، لیکن شاہین آفریدی نے اس بات پر آگے خاموشی اختیار کر لی۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ضرورت پڑنے پر کھلاڑی تبدیل کیے جائیں گے، بلا ضرورت کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔
کپتان نے صائم ایوب اور فخر زمان کی آؤٹ آف فارم اور حالیہ ناکامی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کے صفِ اول کے ون ڈے کھلاڑیوں میں سے ہیں؛ برا وقت ہر ایک پر آتا ہے اور ان پر سے بھی گزر جائے گا، جبکہ صائم ایوب ہمیں بولنگ میں بھی فائدہ دیتے ہیں۔ شاہین شاہ آفریدی نے مزید کہا کہ دیگر کھلاڑیوں کو بھی موقع دیں گے لیکن ایسا نہیں ہوگا کہ ایک ساتھ پانچ یا چھ تبدیلیاں کر دی جائیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان ٹیم کی شاندار پرفارمنس جاری رہے گی، گزشتہ دو میچز بھی ہم نے بعد میں بولنگ کر کے جیتے ہیں اور لاہور میں بھی قوی امید ہے کہ ہماری ٹیم کامیابی حاصل کرے گی۔
سہ ملکی کپ کا دوسرا مرحلہ لاہور میں کل 25 اکتوبر سے شروع ہو رہا ہے، جہاں پاکستان کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ کے خلاف ڈے اینڈ نائٹ (پنک بال) میچ رکھا ہوا ہے۔
