شاہین اور شان کی لڑائی،بیچ میں آنے پر رضوان بھی لپیٹ میں،ملکی وغیر ملکی میڈیا پر گونج
راولپنڈی،کرک اگین رپورٹ
شاہین اور شان کی لڑائی،بیچ میں آنے پر رضوان بھی لپیٹ میں،ملکی وغیر ملکی میڈیا پر گونج،کرکٹ کی تازہ ترین خبریں یہ ہیں کہ شاہین آفریدی اور ٹیسٹ کپتان شان مسعود میں لڑائی کی اطلاعات ہیں۔بیچ بچائو کرانے والے محمد رضوان بھی لپیٹ میں آگئے ہیں۔اسے کرکٹ ون ڈاٹ کام نے رپورٹ کیا ہے۔مزید لکھا ہے کہ راولپنڈی ٹیسٹ میچ کے بعد ڈریسنگ روم میں معاملات گرم ہو گئے اور کپتان شان مسعود سینئر فاسٹ بائولر شاہین آفریدی کے ساتھ جسمانی طور پر جھگڑ پڑے۔
رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا کہ جب کیپر بلے باز محمد رضوان نے لڑائی کو روکنے کی کوشش کی تو دونوں نے انہیں بری طرح پیٹا۔ اس کے نتیجے میں پاکستان کی ٹیم امیج کو بڑا دھچکا لگا ہے۔چند روز قبل ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں شاہین نے مسعود کے ہاتھ اپنے کندھوں سے ہٹائے تھے، جس سے دونوں کرکٹرز کے درمیان دراڑ کا قیاس تھا۔
اس کی قدرے تصدیق پاکستان کے ایک اور میڈیا گروپ ایکسپریس،کرکٹ پاکستان نے کچھ یوں کی ہے کہ راولپنڈی کے دوسرے ٹیسٹ سے اچانک ڈراپ کئے جانے پر شاہین آفریدی رنجیدہ اور ناراض ہیں۔شاہین کو پہلے ٹیسٹ کے بعد اپنے نوزائیدہ بچے علی یار سے ملنے کراچی جانے کی اجازت دی گئی تھی، لیکن دو دن بعد ہی انہیں غیر متوقع طور پر راولپنڈی واپس بلایا گیا۔ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ جب ٹیم انتظامیہ نے انہیں ڈراپ کیے جانے کی اطلاع دی تو نوجوان پیسر صدمے میں رہ گئے، یہ سمجھنے کے لیے جدوجہد کر رہے تھے کہ اگر انھیں کھیلنے کا کوئی منصوبہ نہیں تھا تو انھیں کیوں واپس بلایا گیا۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کے دوسرے ٹیسٹ کا پہلا روز بارش کی نذر ہوا ہے۔