سلہٹ ۔کرک اگین رپورٹ ۔
سلہٹ ٹیسٹ کے دوسرے روز میزبان بنگلہ دیشی ٹیم گہرے چیلنجز کی زد میں نظر آ رہی ہے۔کرکٹ کی تازہ ترین خبریں ہیں کہ پہلے میچ میں عبرت ناک اور ڈرامائی شکست کا سامنا کرنے کے بعد ہوم ٹیم اب دوسرے ٹیسٹ میں بھی مسلسل دفاعی پوزیشن پر مجبور ہو چکی ہے۔
مہمان ٹیم ویسٹ انڈیز نے کھیل کے دوسرے دن پہلی اننگز میں زبردست بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 356 رنز اسکور کیے اور آل آؤٹ ہوئی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے عامر جنگو نے کمال کی بلے بازی کرتے ہوئے 133 رنز کی دلکش سنچری اننگز کھیلی، جبکہ جسٹن گریوز نے بھی نصف سنچری بنا کر ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ اگرچہ بنگلہ دیش کی طرف سے حسن محمود نے نپی تلی بولنگ کرتے ہوئے محض 90 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، مگر مجموعی طور پر دیگر بولرز کی ناقص کارکردگی اور مہمان ٹیم کا بڑا اسکور میزبان الیون کے لیے شدید سردرد بن چکا ہے۔
دوسری جانب بنگلہ دیش کے لیے ایک اور بری خبر اس وقت سامنے آئی جب فیلڈنگ کے دوران اوپننگ بلے باز شادمان اسلام بائیں ٹخنے کی شدید انجری کا شکار ہو گئے۔ ٹخنہ مڑنے کے باعث وہ گراؤنڈ میں ہی درد سے تڑپ اٹھے، جس کے بعد انہیں فوری طور پر اسٹریچر کے ذریعے میدان سے باہر لے جانا پڑا۔
قومی ٹیم کے فزیو بایجد الاسلام خان کے مطابق شادمان کے ٹخنے میں شدید موچ آئی ہے، انہیں میڈیکل ٹیم کی سخت نگرانی میں رکھا گیا ہے اور صورتحال کی حتمی تشخیص کے لیے جلد ہی ان کا ایم آر آئی اسکین کروایا جائے گا۔
