پورٹ الزبتھ ۔کرک اگین رپورٹ۔
کرکٹ بریکنگ نیوز۔جنوبی افریقہ کا شاندار کم بیک، آسٹریلیا کو اننگز اور 31 رنش سے ہرا کر سیریز برابر کر دی۔
پورٹ الزبتھ میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں میزبان جنوبی افریقہ نے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کینگروز کو ایک اننگز اور 31 رنز کی عبرتناک شکست سے دوچار کر دیا۔ اس فتح کے ساتھ ہی پروٹیز نے تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر کے ٹرافی کی امیدیں برقرار رکھی ہیں۔
پورٹ الزبتھ میں کھیل کے پانچویں اور آخری دن ڈرامائی صورتحال دیکھنے کو ملی۔ آسٹریلوی ٹیم کو اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے قسمت اور موسم دونوں کا سہارا درکار تھا۔ کھیل شروع ہونے سے قبل بارش اور بادلوں نے آسٹریلیا کی مدد کی اور میچ کے آخری لمحات میں بھی گہرے بادل گراؤنڈ پر منڈلا رہے تھے، لیکن کینگروز کے بلے باز پروٹیز بولنگ کے سامنے ہمت ہار گئے۔ آسٹریلیا کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 295 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔107 اوورز اور ایک گیند انہوں نے بیٹنگ کی۔
جنوبی افریقہ کی اس تاریخی جیت میں فاسٹ بولر کاگیسو ربادا نے مرکزی کردار ادا کیا۔ انہوں نے اپنی تباہ کن بولنگ سے آسٹریلوی بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی اور اہم ترین مواقع پر پارٹنرشپ توڑ کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ ربادا کا ساتھ دیگر بولرز نے بھی بخوبی نبھایا۔
آسٹریلیا کی جانب سے مڈل آرڈر بلے باز ٹریوس ہیڈ نے ایک شاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے مزاحمت کی کوشش کی، وہ 121 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے اور ان کے آؤٹ ہوتے ہی آسٹریلیا کی پوزیشن مکمل خراب ہو گئی۔ ایک رات قبل بطور نائٹ واچ مین آنے والے اسکاٹ بولینڈ نے انتہائی غیر معمولی ہمت دکھائی، انہوں نے 166 گیندوں کا دلیرانہ سامنا کیا اور 40 رنز بنا کر مزاحمت کی، لیکن وہ بھی ٹیم کو اننگز کی شکست سے نہ بچا سکے۔ ایلکس کیری 37 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
اس سے قبل سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ آسٹریلیا نے جیتا تھا، لیکن اس دوسرے میچ کے اصل ہیرو جنوبی افریقہ کے کپتان ٹیمبا باووما رہے، جنہوں نے پہلی اننگز میں 179 رنز کی ماسٹر کلاس اور کیریئر کی بہترین اننگز کھیل کر میچ کا رخ موڑ دیا تھ۔ اگرچہ میچ کے آغاز میں آسٹریلیا کا پلہ بھاری دکھائی دے رہا تھا، لیکن جنوبی افریقہ نے شاندار واپسی کرتے ہوئے میدان مار لیا۔ اب دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن معرکہ کیپ ٹاؤن میں کھیلا جائے گا۔
اس ٹیسٹ میچ کا ٹاس آسٹریلیا نے جیتا تھا ۔جنوبی افریقہ کو بیٹنگ دی، جنہوں نے 9 وکٹ پر 425 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کی تھی ۔آسٹریلیا پہلی اننگ میں صرف 42 اوورز کھیل کر 99 رنز پر آؤٹ ہوا اور فالو آن کا شکار ہوا۔
