گوہاٹی ۔کرک اگین رپورٹ
ویسٹ انڈیز کی دھماکے دار واپسی۔ بھارت کے خلاف ون ڈے ہسٹری کا سب سے بڑا اسکور بنا دیا، کرکٹ بریکنگ نیوز یہ ہے کہ اس نے ایک روزہ کرکٹ ہسٹری میں پہلی بار 400 رنز مکمل کر دیئے۔ایک ہی اننگز میں 3 سنچریاں بنیں۔
ورلڈ کپ 2027 میں براہ راست کوالیفائی کرنے میں ناکام رہنے والی ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم نے ایک روزہ کرکٹ میں ایسی ڈرامائی پرفارمنس دکھائی ہے جس نے سب کو حیران کر دیا ہے۔ ویسٹ انڈیز نے ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں اپنا سب سے بڑا مجموعی اسکور سیٹ کرتے ہوئے بھارت کے خلاف پرانا ریکارڈ توڑ دیا ہے اور اپنا ہی سابقہ قائم کردہ ریکارڈ بھی پاش پاش کر دیا ہے۔
یہی نہیں، بلکہ ویسٹ انڈیز کی اس اننگز میں ایک یا دو نہیں بلکہ تین شاندار سنچریاں شامل تھیں۔
گوہاٹی میں کھیلے جا رہے سیریز کے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا، جو ان کے گلے کی ہڈی بن گیا۔ ویسٹ انڈیز کے بلے بازوں نے بھارتی بولرز کی ایک نہ چلنے دی۔
سب سے پہلے اوپنر جان کیمبل نے سنچری اسکور کی۔ انہوں نے صرف 68 گیندوں پر 103 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی، جس میں پانچ چھکے اور نو چوکے شامل تھے۔ دوسری طرف شائی ہوپ نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے 94 گیندوں پر 104 رنز بنائے۔ ان کے ساتھ عامر جنگو نے دھواں دھار بیٹنگ کی اور محض 77 گیندوں پر 114 رنز کی اننگز کھیل ڈالی، جس میں 13 چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔ میچ کے دوران شائی ہوپ اور عامر جنگو نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے تیسری وکٹ پر 182 رنز کی ایک بہت بڑی شراکت داری بنائی، جس نے بھارتی ٹیم کو بیک فٹ پر دھکیل دیا۔
ویسٹ انڈیز نے بھارت کے خلاف مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 405 رنز کا بڑا اسکور بنایا۔
اس سے قبل ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں ویسٹ انڈیز کا سب سے بڑا اسکور 389 رنز تھا جو انہوں نے فروری 2019 میں انگلینڈ کے خلاف سینٹ جارج میں بنایا تھا، جبکہ بھارت کے خلاف بھارت میں ان کا سب سے بڑا اسکور 1983 میں جمشید پور کے میدان پر 333 رنز تھا، لیکن آج گوہاٹی میں ویسٹ انڈیز نے 405 رنز بنا کر یہ تمام ریکارڈز مٹی میں ملا دیے۔ اب دیکھنا یہ ہوگا کہ بھارتی ٹیم اس پہاڑ جیسے ہدف کے جواب میں کیا کرتی ہے۔
