رانچی۔کرک اگین رپورٹ ۔
لکھنؤ کا غصہ رانچی میں پھٹے گا؟ ویسٹ انڈین غصیلے انداز میں پہنچے۔کرکٹ بریکنگ نیوز ہے یہ بھارت کی سرزمیں پر350 رنز سے زائد کا پہاڑ جیسا ون ڈے ہدف کھلونا سمجھ کر عبور کرنے والی ویسٹ انڈیز کی ٹیم اس وقت ساتویں آسمان پر اڑ رہی ہے۔
اگرچہ پہلے ٹی ٹونٹی معرکے میں انہیں بھارتی سورماؤں کے ہاتھوں شکست کا کڑوا گھونٹ پینا پڑا، لیکن لکھنؤ کا یہ مقابلہ کرکٹ سے زیادہ امپائرز کے بلنڈرز اور متنازع فیصلوں کی وجہ سے سرخیوں کی زینت بن گیا ہے۔
لکھنؤ کا غصہ اور رانچی میں بارود
لکھنؤ ٹی ٹونٹی میں خاص طور پر شمرون ہیٹمائر کے متنازع رن آؤٹ نے کیریبین خیمے میں آگ لگا دی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جب ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی اگلے مشن کے لیے رانچی پہنچے، تو ان کے چہرے غصے سے لال اور تیور سخت تھے۔ کیریبین ٹائیگرز اس وقت بارود سے بھرے کسی بم کی طرح دکھائی دے رہے ہیں جو کسی بھی وقت پھٹ سکتا ہے۔
رانچی میں شیڈول دوسرے ٹی 20 میں بھارتی ٹیم کو کیریبین غصے کا ایک بھیانک بلاسٹ جھیلنا پڑ سکتا ہے۔عام طور پر سمجھا جاتا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے کھلاڑیوں کو بھارت میں آ کر آئی پی ایل کے مہنگے ترین معاہدوں کی فکر لگی رہتی ہے اور وہ بھارتی کھلاڑیوں سے بگاڑنا نہیں چاہتے، لیکن جب بات میدانِ جنگ کی ہو تو یہ تمام مفادات پیچھے چھوڑ دیتے ہیں۔ میدان کے اندر یہ کرکٹرز جتنے دلیر ہیں، اپنے کھیل کے اعتبار سے اتنے ہی بے رحم اور مثبت معنوں میں وحشی ثابت ہوتے ہیں۔ اگر رانچی کی وکٹ پر ان کا غصہ رنگ لایا، تو بھارتی بولرز کے لیے بچنا محال ہو جائے گا۔
سیریز کا دوسرا ٹی 20 انٹرنیشنل میچ جمعہ 9 اکتوبر کو شیڈول ہے۔
