کولمبو،کرک اگین رپورٹ
Image by AFP
آسٹریلیا کرکٹ ٹیم بری طرح ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئی۔سری لنکا میں مسلسل دوسرے ایک روزہ میچ میں شکست ہوگئی ہے۔آئی لینڈرز نے اپنے دارلحکومت میں کینگروز کو جال میں پھنساکربری طرح روند ڈالا ہے۔6 وکٹ کی باوقار جیت سے اس نے 5 میچزکی سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل کرلی ہے۔
بڑا چمتکار،کینگروز شکار،سری لنکا جیت گیا
اتوار کو کھیلے گئے میچ میں مہمان ٹیم کا ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ یوں تو درست رہا کہ اس نے 50 اوورز میں 6 وکٹ پر 291 اسکور بنائے ہیں۔ڈیوڈ وارنر 9 اور مچل مارش 10 رنزبناکر ناکام گئے۔کپتان ایرون فنچ نے ہاف سنچری مکمل کی لیکن وہ 62 اسکور کرکے چلتے بنے۔مارنوس لبوشین صرف 29 اور ایلکس کیری 49 کرکے واپس لوٹ گئے۔
چھٹے نمبر پر کھیلتے ہوئے ٹریوس ہیڈ نے 70 رنزکی اہم اننگ کھیلی۔3 چھکے اور 3 چوکے لگائے۔گلین میکسویل نے 33 رنزبناکر ان کا ساتھ دیا۔آسٹریلیا نے 121پر 4 وکٹیں کھونے کے بعد ان بیٹرز نے اسکور بڑھانے میں مدد فراہم کی۔جافنے وینڈریسے نے 49 رنز دے کر 3 وکٹیں لے کر سب سے اچھی بائولنگ کی۔
جواب میں سری لنکا نے 42 پر پہلی وکٹ کھوکر دوسری وکٹ پر 170 رنزکی دوسری وکٹ کی شراکت بناکر میچ فتح کی بنیاد رکھ دی،اس میں پٹھم نشانکا کی شاندار سنچری شامل تھی،وہ137 رنزبناکر آئوٹ ہوئے۔کوشال مینڈس 87 رنزبناکرریٹائرڈ ہرٹ ہوئے،ان فٹ ہونے سے قبل وہ اپناکام کرگئے تھے۔سری لنکا نے 9 بالز قبل 4 وکٹ پر ہدف مکمل کرلیا۔جائے رچرڈسن 2 وکٹ کے ساتھ نمایاں رہے،فٹنس مسائل کے سبب سٹیون سمتھ یہ میچ نہیں کھیل سکے ۔