خصوصی رپورٹ،عمران عثمانی
پاکستان کرکٹ ٹیم تاریخ میں 10 ویں بار سری لنکا میں باہمنی ٹیسٹ سیریز کھیل رہی ہے،اس کا آغاز 16 جولائی 2022 سے ہوگا۔ماضی کی نسبت یہ سیریز اس لئے بھی اہم ہے کہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ چھتری تلے کھیلی جارہی ہے۔گزشتہ ٹیسٹ چیمپئن شپ سرکل میں سری لنکا نے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔یوں آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ حوالہ سے پاکستان کی سری لنکن سرزمین پر یہ پہلی ٹیسٹ سیریز بھی ہے۔
رواں صدی میں ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ دونوں ممالک کی سری لنکن سرزمین پر باہمی سیریز میں 7 سال کا وقفہ آیا ہو۔آخری بار پاکستان نے آئی لینڈ میں 2015 میں سیریز کھیلی تھی۔ویسے دونوں ممالک کی پہلی سیریز وہاں 1986 میں ہوئی تو سری لنکا کو پاکستان کی میزبانی کے لئے دوسری سیریز کے حوالہ سے 8 سال کا طویل انتظار کرنا پڑا تھا۔
پاکستان سری لنکا میں 21 ویں سیریز،ٹیسٹ ریکارڈز،تمام مقابلوں کا جائزہ
سری لنکا سرزمین پر پاکستان نے کل ملا کر جو 9 سیریز کھیلی ہیں۔ان میں پاکستان کو معمولی سبقت حاصل ہے۔4 سیریز گرین کیپس اور 3 سیریز آئی لینڈرز کے ہاتھوں میں آئیں۔2 سیریز ڈرا رہی ہیں۔اہم بات یہ بھی ہے کہ سری لنکا نے جو 3 سیریز جیتی ہیں۔وہ تسلسل کے ساتھ اپنے نام کیں۔2009 سے 2014 کے درمیان اس نے پاکستان کو جیتنے نہیں دیا۔پاکستان نے یہ بھوک 2015 کے آخری دورے میں مٹائی تھی۔اس طرح کہا جاسکتا ہے کہ سری لنکا گزشتہ 13 سالوں میں اپنے ملک میں سخت حریف رہا ہے۔4 میں سے 3 سیریز اس نے اپنے نام کی ہیں۔
دونوں ممالک کی باہمی سیریز کا کھاتہ سری لنکا میں 1986 سے کھلا ہے۔3 میچزکی سیریز 1-1 سے ڈرا رہی۔1994 میں پاکستان نے پہلی بار سری لنکا کو اس کے ملک میں شکست دی،جب اس نے2 میچز کی سیریز 0-2 سے ہی جیت لی۔3 سال بعد 1997 کی 2 میچزکی سیریز ڈرا پر ختم ہوئی۔دونوں میچز بے نتیجہ تھے۔2000 میں پاکستان 3 میچزکی سیریز 0-2 سے جیت گیا۔اس کے 6 برس بعد 2006 میں 2 میچزکی سیریز 0-1 سے اپنے نام کی۔2009 میں سری لنکا پاکستان کے خلاف اپنے ملک میں پہلی بار ٹیسٹ سیریز جیتنے میں کامیاب ہوا،جب 3 میچزکی سیریز 0-2 سے وہ جیتا۔2012 کی اگلی سیریز3 میچزکی تھی جو اس نے 0-1 سے اپنے نام کی۔2014 میں اس نے سیریز کے دونوں میچز جیت کر 100 فیصد برتری سے ٹیسٹ ٹرافی اٹھالی۔پاکستان نے 2015 میں جاکر کہیں کم بیک کیا اور 3 میچزکی سیریز 1-2 سے جیت کر شکست کا تسلسل ختم کیا۔
یہ تسلسل ایسے ہی ختم نہیں ہوا تھا۔پاکستان نے جولائی 2015 کے فیصلہ کن ٹیسٹ میچ میں 382 رنزکا ریکارڈ ہدف حاصل کیا تھا۔پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا،ایشیا کی سرزمین پر کسی بھی ٹیم کا دوسرا بڑا ہدف تھا،اس وقت یہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کا چھٹا بڑا ہدف تھا جو یونس خان کی 171 رنزکی ناقابل شکست اننگ اور شان مسعود کی 125 کی شاندار بلے بازی سے ممکن ہوا تھا۔
دونوں ممالک میں اب تک سری لنکن سرزمین پر جو 23 ٹیسٹ میچزکھیلے گئے ہیں۔ان میں بھی پاکستان آگے ہے۔قومی کرکٹ ٹیم کے حصے میں 8 فتوحات ہیں۔سری لنکا بھی پیچھے نہیں ،اس نے بھی 7 میچز جیت رکھے ہیں۔8 ٹیسٹ میچز ڈرا رہے ہیں۔
کرکٹ رائونڈ اپ،ونر پلیئر،پی سی بی چیئرمین اور ویرات کوہلی اپ ڈیٹ